Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

’افغانستان کی طالبان انتظامیہ پاکستان میں دہشتگردی کی براہ راست ذمہ دار ہے‘

دہشت گرد اور سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا، جان اچکزئی
اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2023 05:30pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردی کا مرکز بنتا جا رہا ہے، پاکستان تمام شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا۔ صوبائی وزیر نے سپریم کورٹ کے ملٹری کورٹس سے متعلق فیصلے کو تاریخی قرار دیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان باشندوں کو بھائیوں کی طرح عزیز رکھا، پاکستان نے ترقی اور وسائل پر بوجھ برداشت کرتے ہوئے 50 لاکھ افغان مہاجرین کو 4 دہائیوں سے زائد پناہ دی۔

گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کا 9 /11 گزشتہ روز کیا گیا۔ پاکستان تمام شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا، دہشتگردی میں ملوٹ تمام افراد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کا عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔

’افغانستان، پاکستان میں دہشتگردی کا براہ راست ذمہ دار ہے‘

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ’عالمی تعلقات میں افغانستان کو ہمیشہ فوقیت دی لیکن افسوس کہ افغانستان دہشتگردی کا مرکز بنتا جا رہا ہے، افغانستان میں طالبان کی انتظامیہ ان کارروائیوں کی براہ راست ذمہ دار ہیں انہیں اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی‘۔ طالبان اپنی غیر ذمہ داری سے دنیا میں اپنا تشخص خراب کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدل ہیں بد بخت ہیں، دہشت گرد اسلام کے دشمن ہیں، دہشت گرد مسلمانوں کواپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے 23 بہادر جوان شہید ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران دو جوان شہید ہوئے۔

واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 6 دہشت گردوں نے درابن کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، حملے کے بعد خودکش حملہ آور نے بھی خود کو اڑا دیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

سپریم کورٹ کا ملٹری کورٹس کا فیصلہ تاریخی قرار

پریس کانفرنس کے دوران جان اچکزئی نے مزید کہا کہ ‏سپریم کورٹ کا ملٹری کورٹس پر آج کا تاریخی فیصلہ ہے، اعلیٰ عدلیہ نے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے کیے جانے والے تمام پروپیگنڈا اور پریشر گروپس کو نظر انداز کیا۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریاست کا ساتھ دیا اور سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف فیصلے کو معطل کر دیا، آج کے فیصلے سے یقینا ریاستِ پاکستان مضبوط ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ نے اِس فیصلے سے ثابت کیا کہ ملکی سکیورٹی سے جڑے معاملات میں بِلا تعصب اور بلا سیاسی مفاد کے، وہ صرف ریاست کے ساتھ ہیں، ایک سیاسی جماعت نے چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ کے اِس بینچ کے خلاف ایک مذموم پروپیگنڈا کیا، جس کا مقصد تھا کہ آج کے اس فیصلے پر منفی انداز میں اثر انداز ہوا جا سکے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی، انتشار اور سیاسی فسادات کے پیروکاروں کے لیے سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ یقیناً ایک بری خبر ہے، ملک میں فسادات اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانون آہنی اور مضبوط ہاتھوں سے اپنا راستہ لے گا اور ان پر موثر طریقے سے قابو کرے گا۔

afghanistan

terrorist attacks

Illegal Afghan Residents

Jan Achakzai