Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

وادی مہران کی ثقافت سے بھر پور تین روزہ سندھ کرافٹ فیسٹیول

زیادہ تر اسٹال خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے لگائے گئے ہیں
شائع 08 دسمبر 2023 11:14pm

افتتاح نگراں وزیر اعلیٰ سندھ (ریٹائرڈ) جسٹس مقبول باقر نے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات ،اقلیتی امور، سماجی امور و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کے ہمراہ تین روزہ ”سندھ کرافٹ فیسٹیول“کا افتتاح کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہاکہ محکمہ ثقافت سندھ کا ہر سال سندھ کرافٹ فیسٹیول منعقد کرانا خوش آئند ہے، فیسٹیول سے سندھ کی روایت اور ان کے کاریگروں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے، ہم مختلف ثقافتی اشیا و مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا چاہتی ہے۔

سندھ کرافٹ فیسٹیول میں سندھ بھر سے 70 سے زائد فنکار اپنے دستکاری کی نمائش کر رہے ہیں جن میں اجرک، سندھی ٹوپی، کاسی، آٹا پیسنے والی جنڈی، کڑھائی، کھجور کے پتوں سے بنی دستکاری، چمڑے کے جوتے، حیدرآبادی چوڑیاں، گج ، رلی، مٹی کے برتن، موہن جودڑوکے نقوش، کھیس، بُنی ہوئی دستکاری شامل ہیں۔

فیسٹیول کے انعقاد پر جنید علی شاہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ نے کہاکہ سندھ کے فنکار ہمارا اثاثہ ہیں،فیسٹیول میں سندھ کی روایات اور ثقافت کی عکاسی کی گئی ہے، ہمیں ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ سندھ کے فنکار معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔

فیسٹیول میں وزیراعلیٰ سندھ کو پھول، اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے سندھی ثقافت کی عکاس ”اوطاق“ کا دورہ کیا اور بیٹھ کر حال احوال اور منتظمین سے گفتگو بھی کی، زیادہ تر اسٹال خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے لگائے گئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی لوک موسیقی سے بھی محظوظ ہوئے۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات ، اقلیتی امور، سماجی امور و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورٹ گرینڈ پر بہت زبردست فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے، اس فیسٹیول میں شامل تمام لوگ مبارکباد کے حق دار ہیں، وزیر ثقافت جنیدعلی شاہ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسے میلوں سے سندھ کے ہنر مندوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ تین روزہ سندھ کرافٹ فیسٹیول میں سندھ بھر کے مختلف ہنر مندوں کی دستکاریوں پر مبنی نمائش بھی لگائی گئی ہے، سندھ کی ثقافت کی عکاسی کرتے چالیس سے زائد اسٹالز شرکاءکی توجہ کا مرکزبنے رہے، فیسٹیول کا مقصد سندھ کی ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ہنر مندوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔،

میلے کی افتتاحی تقریب میں ڈھول کی تھاپ، شہنایوں کی گونج اور مٹکا ڈانس سے شہری محظوظ ہوئے۔

SINDH Craft Festival