Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

محکمہ تعلیم سوات کو 12 سال تک دھوکے میں رکھنے والے استاذ کی جعلی ڈگریاں پکڑی گئیں

سوات تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک اور ایف اے کی دو دو ڈگریاں جاری کرکے انوکھا کارنامہ انجام دیا
شائع 06 دسمبر 2023 04:58pm

بارہ سال تک محکمہ تعلیم سوات کو دھوکے میں رکھنے والے استاذ کی جعلی ڈگریاں پکڑی گئیں۔

سلیم خان بارہ سال قبل جعلی ڈگری پر ڈرائنگ ماسٹر کی پوسٹ پر بھرتی ہوئے تھے، وہ بارہ سال تک حکومتی خزانے سے تنخواہ وصول کر تے رہے اور ترقی پاتے رہے۔

ریکارڈ کے مطابق سلیم خان نے سوات تعلیمی بورڈ سے پہلی بار 2002 میں میٹرک اور 2004 میں ایف اے کیا تھا اور ریکارڈ کے مطابق انہوں نے2007 میں بھی سوات تعلیمی بورڈ سے دوبارہ میٹرک اور 2009 میں ایف اے کیا تھا۔

سوات تعلیمی بورڈ نے ان کو میٹرک اور ایف اے کی دو، دو ڈگریاں جاری کی تھیں۔

بارہ سال بعد جب محکمہ تعلیم نے انکوائری شروع کی تو سوات تعلیمی بورڈ نے 2007 اور 2009 میں جاری کی گئی ان کی میٹرک اور ایف اے کی ڈگریاں منسوخ کردیں۔

سوات تعلیمی بورڈ نے بھی اس کیس میں عجیب کارنامہ سر انجام دے کر ایک شخص کو میٹرک اور ایف اے کی دو ، دو ڈگریاں جاری کیں۔

اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کے ڈپٹی اے ڈی او فضل خالق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے آج نیوز کی خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ان کو ملازمت سے بھی برخاست کیا جائے گا اور ان سے بارہ سال کی تنخواہ و مراعات کی ریکوری بھی کی جائے گی۔

آج نیوز نے سلیم خان سے ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

Fake Degrees

Education Department Swat