نگراں پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں 16 گنا سے زائد کا بھاری اضافہ کردیا
نگراں پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں 16 گنا سے زائد کا بھاری اضافہ کردیا، جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
فیصلے کے مطابق نئی فیس کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہو گا، یکم جنوری سے قبل ڈرائیونگ لائسنس موجودہ شرح فیس سے بنائے جائیں گے، اور اس کے بعد لرنر کی فیس 60 روپے سے بڑھا کر ایک ہزارروپے کردی جائے گی۔
ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس فیس کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا، جب کہ امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہری آن لائن 100 ڈالر ادا کر کے لائسنس بنوا سکیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ طلبہ صرف ہائی گریڈ میرٹ سے لوگریڈ میرٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں ٹرانسفر ہوسکیں گے، اجلاس میں پنجاب میں نرسنگ کی طالبات کی تعداد دگنی کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے لئے انتظامی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ نے باغ جناح کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر انتظامی امور اور چنیوٹ کے تاریخی عمر محل کا انتظام والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا، جب کہ پنجاب وائلڈ لائف رولز 1974ء کے تحت شوٹنگ لائسنس اور فیس پر نظر ثانی اور گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب کا پوٹھوہار کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔
Comments are closed on this story.