Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم کیو ایم کے بعد پیپلزپارٹی کی مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت

میں فی الحال کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہورہا، مفتاح اسماعیل
شائع 03 دسمبر 2023 02:41pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے ن لیگ کے ناراض رہنما مفتاح اسماعیل سے رابطہ کرکے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ جب کہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہورہا۔

عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد ملک میں سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدان دوسری جماعتوں میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے بعد اب پیپلزپارٹی کا ن لیگ کے ناراض رہنما مفتاح اسماعیل سے رابطہ کرلیا ہے اور انہیں پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو دعوت دے دی گئی ہے اب ان کی جانب سے جواب کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ میں الیکٹورل سیاست کو خیرآباد کہہ چکا ہوں، اور فی الحال کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہورہا۔

مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت

اس سے قبل ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی تھی اور انہیں اپنی جماعت میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔

22 اکتوبر کو فاروق ستار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ میں بتایا کہ دو روز قبل مفتاح اسماعیل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اور انہیں ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دی، میں نے انہیں بتایا کہ اس وقت ایم کیو ایم سے بہتر کوئی سیاسی پلیٹ فارم نہیں ہے، مفتاح نے کہا ہے کہ وہ اس پر غور کرنے کے بعد جواب دیں گے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جب پاکستان موجودہ نامساعد حالات سے گزر رہا ہے تو یہ ضروری ہے کہ اچھے لوگوں کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے، مفتاح اسماعیل کا معاشی وژن بہت وسیع ہے، ان سے قومی ایجنڈے پر بات ہوئی ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ ملک کے لیے مشترکہ قومی ایجنڈا ضروری ہے، اور مفتاح اسماعیل نے بھی مشترکہ قومی ایجنڈے کی ضرورت کو ناگزیز قرار دیا ہے۔

PPP

Miftah Ismail

MQM Pakistan

Pakistan People's Party (PPP)