Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

عدت میں نکاح کیس: مفتی سعید اور عون چوہدری نے عمران خان کیخلاف بیانات ریکارڈ کرا دیئے

عدالت نے کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی
اپ ڈیٹ 28 نومبر 2023 03:03pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کے خلاف کیس میں مفتی سعید اور عون چوہدری نے بیان ریکارڈ کرادیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاور مانیکا کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی ، سول جج قدرت اللہ نے سماعت کی۔

درخواستگزار خاورمانیکا کی جانب سے وکیل راجارضوان عباسی اور عدالتی حکم پر گواہان مفتی سعید، عون چوہدری اور محمد لطیف عدالت میں پیش ہوئے۔

مفتی سعید کا بیان

عدالت نے گواہ مفتی سعید کا بیان قلمبند کرنا شروع کیا۔ مفتی سعید نے بتایا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ممبر بھی تھا، یکم جنوری 2018 کو چیئرمین پی ٹی آئی نے رابطہ کیا،

مفتی سعید نے صفحہ سے پڑھ کر بیان قلمبند کروایا تو عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دیکھ کر پڑھنے والےجھوٹ بولتے ہیں آپ نےعہد لیا ہوا زبانی بتائیں۔

مفتی سعید نے بتایا کہ مجھے چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور بلایا اور کہا نکاح پڑھانا ہے، ہم لاہور ایک گھر میں پہنچے جہاں ایک خاتون بشریٰ بی بی کی بہن ظاہر کر رہی تھی، اور اس نے یقین دہانی کرائی کہ شرعی تقاضے پورے ہیں، میں نے اس یقین دہانی کی بعد نکاح پڑھایا۔

مفتی سعید نے بتایا کہ نکاح کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بنی گالا رہنے لگے، نکاح میں شریک لوگوں میں سے دوبارہ فروری میں رابطہ کیا، مجھے چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا یکم جنوری 2018 کو نکاح ضروری تھا، اور بطور چیئرمین پی ٹی آئی اس نکاح کے بعد وہ بڑےعہدے پر فائز ہو جائیں گے۔

مفتی سعید کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک یکم جنوری 2018 والا نکاح غیرشرعی ہے، جنوری 2018 والے نکاح نامے پرمیرے دستخط ہیں، فروری 2018 والا زبانی نکاح میں نے بنی گالا میں پڑھایا تھا۔

عون چوہدری کا بیان

عدالت نے دوسرے گواہ عون چوہدری کا بیان قلمبند کیا۔ عون چوہدری کا کہنا تھا کہ میں حلفاً کہتا ہوں جو عدالت میں بتاؤں گا سچ بتاؤں گا، میں چیئرمین پی ٹی آئی کا پولیٹیکل اور پرسنل سیکرٹری تھا، اور میں ان کے انتہائی قریب تھا، ان کے تمام سیاسی اور فیملی کو دیکھتا تھا۔

عون چوہدری نے بتایا کہ ریحام خان کو نومبر 2015 میں طلاق ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے ریحام خان کو بشریٰ بی بی کے کہنے پر طلاق دی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے بذریعہ ای میل دی تھی، عمران خان مجھے بشریٰ بی بی کے پاس لے جانے کا کہتے تھے، اور وہ خود اکیلے بھی بشریٰ بی بی کے پاس جایا کرتے تھے۔

عون چوہدری کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر 2017 کو عمران خان نے کہا کہ اگلے دن بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح کرنا ہے، میں حیران ہوا، اور ان کو بتایا وہ شادی شدہ خاتون ہیں، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا بشریٰ بی بی کو طلاق ہو گئی ہے۔

عون چوہدری نے بتایا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے یکم جنوری 2018 کے نکاح کا گواہ ہوں، اگلے دن ہی میڈیا پر شور مچ گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے شادی کرلی ہے، عمران خان کا دوسرا نکاح فروری 2018 میں زبانی طور پر میری موجودگی میں ہوا، انہوں نے پہلا نکاح دوران عدت جان بوجھ کرکیا۔

عون چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا سال کے پہلے دن نکاح کریںگے تووہ ملک کے وزیراعظم بن جائیں گے، پہلے نکاح کے بعد انہوں نے بنی گالا میں رہنا شروع کردیا، ان کا اور بشریٰ بی بی کا پہلا نکاح غیرقانونی اورغیرشرعی ہے۔

تمام گواہان کے بیان قلمبند نہ ہو سکے،عدالت نے کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی۔

imran khan

bushra bibi

Mufti Saeed