Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ انتخابی مہم نہیں چلا رہی، رویے سے لگتا ہے یہ الیکشن نہیں چاہتے، مولا بخش چانڈیو

میاں صاحب بہت سی باتیں آصف زرداری کو نہیں بتاتے، مولا بخش چانڈیو
شائع 27 نومبر 2023 09:10pm
Cases against Nawaz Sharif, Question mark on role of NAB?| Faisla Aap Ka | Aaj News

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے رویے سے لگتا ہے وہ الیکشن نہیں چاہتے، ن لیگ تاثر دے رہی ہے کہ الیکشن وہ جیتیں گے مگر یہ لوگ کوئی انتخابی مہم نہیں چلارہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر افنان اللہ خان نے شرکت کی اور ملکی حالات، انتخابات اور سیاسی جماعتوں میں اختلافات سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ خان نے لیگی قائد میاں محمد نواز شریف کی عدالت میں پیشی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلوں پر پی ٹی آئی خوش تھی، لیگی رہنماؤ کے خلاف مقدمات پر پی ٹی آئی والے ہمارا مذاق اڑایا کرتے تھے، لیکن ن لیگ کی قیادت نے تمام مقدمات کا سامنا کیا، اور بالآخر ثابت ہوگیا کہ ن لیگ کے خلاف مقدمات جھوٹے تھے۔

سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ آج ان پر مقدمات بنے ہیں تو یہ عدلیہ پر تنقید کر رہے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کوئی شک نہیں نیب سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوتا رہا ہے، پولیٹیکل انجینئرنگ سے ادارے کی ساکھ ختم ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو جرم ہم نے کیا ہی نہیں اس پر آپ چاہتے ہیں کہ سزا ہو۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر آگے چلنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے بلاول کیلئے غیرتربیت یافتہ کی بات درست کہی، آصف زرداری اور مولابخش چانڈیو جتنا تجربہ کس کا ہوگا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کوئی معاشرہ احتساب کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا، لیکن پاکستان میں احتساب نہیں ہوا انتقام لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے پیپلز پارٹی سے انتقام لیا گیا، سیف الرحمان نے پیپلز پارٹی کے ساتھ انتقام لیا۔

مولا بخش چانڈیو نے بشریٰ بی بی کے خلاف نعرے لگانے کے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو اسمبلی آتی تھیں تو ن لیگ نعرے لگاتی تھی، بینظیر بھٹو تسبیح پڑھ رہی تھیں تو شیخ رشید مذاق اڑا رہے تھے، پھر میاں صاحب کی بیٹی جہاں جاتیں وہاں نعرے لگتے تھے۔

انہوں نے ن لیگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماضی کی تلخیاں بھول چکےہیں یہ نہیں بھولے۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب جیل گئے تو واپس بادشاہ بن کر آئے ہیں، میاں صاحب نے گوجرانولا میں باجوہ کے خلاف تقریر کی، میں نہیں کہتا کہ میاں صاحب دوبارہ جیل جائیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ تجربہ کا تعلق عمر سے نہیں ہوتا، آصف زرداری نے بات اپنے بیٹے کیلئے کہی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رویے سے لگتا ہے کہ وہ الیکشن نہیں چاہتے، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ الیکشن ہوں تو صرف وہ جیتیں، میاں صاحب بہت سی باتیں آصف زرداری کو نہیں بتاتے، ن لیگ تاثر دے رہی ہے کہ الیکشن وہ جیتیں گے، مگر ن لیگ کوئی انتخابی مہم نہیں چلا رہی، پیپلز پارٹی بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہے۔

Senator Afnan Ullah

Mola Baksh Chandio