Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

گورکھ ہل پروجیکٹ میں گاڑیوں، پیٹرول کے استعمال میں خورد برد کا انکشاف، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

پروجیکٹ میں 140 ملازمین ہیں لیکن کوئی بھی کام نہیں کرتا، نگراں وزیراعلیٰ سندھ
شائع 26 نومبر 2023 12:07pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

گورکھ ہل پروجیکٹ میں گاڑیوں،پیٹرول کے استعمال میں ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جس پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا ہے اور کہا ہے کہ پروجیکٹ میں 140 ملازمین ہیں لیکن کوئی بھی کام نہیں کرتا، پروجیکٹ ڈائریکٹر وضاحت پیش کریں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گورکھ ہل پروجیکٹ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر نگراں وزیراعلیٰ مقبول باقر نے گورکھ ہل کے فنڈز کے بے دریغ استعمال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نوتس لے لیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پروجیکٹ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور پیٹرول کے استعمال میں خوردبرد کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کا کہنا تھا کہ گاڑیوں پر 18 ڈرائیورز ہیں، اور وہ ڈیوٹی پرائیویٹ لوگوں کے ساتھ کرتے ہیں، جب کہ گورکھ ہل ریزورٹ میں 12 باورچی ہیں اس کے باوجود بہتری نہیں ہورہی۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروجیکٹ میں 140 ملازمین ہیں لیکن کوئی بھی کام نہیں کرتا، گورکھ ہل پروجیکٹ ڈائریکٹر اس پر وضاحت پیش کریں۔

وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ کو گورکھ ہل پروجیکٹ کی مکمل تحقیق کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ عوام کی تفریح کے لیے ہے، من پسند لوگوں کو نوازنے کے لیے نہیں، فنڈز کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

maqbul baqir

Gorakh Hill Project