Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے نجی مال میں لگنے والی آگ نے شہر بھر کے حفاظتی انتظامات کا بھانڈا پھوڑ دیا

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سول ڈفینس بڑی حد تک ناکام
شائع 25 نومبر 2023 07:16pm

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے مال میں لگنے والی آگ نے اداروں کی کارکردگی اور عمارتوں کے ناقص ڈیزائن کی قلعی کھول دی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق کراچی میں نوے فیصد عمارتوں اور شاہنگ مالز میں آگ سے بچاؤ کا بندوبست ہی نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ایک سال کے اندر 15 ہزار افراد ایسے ہی آتشزدگی کے واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ اربوں روپے کا نقصان ہوا وہ الگ ہے۔

ملک بھر کے شہروں اور خاص طور پر کراچی میں تعمیر ہونے والی رہائشی اور تجارتی عمارتوں میں آگ سے بچنے اور باحفاظت باہر نکلنے کے راستے ہی نہیں۔

اس سلسلے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سول ڈفینس بڑی حد تک ناکام ہو چکے ہیں۔

کراچی میں عمارتوں میں آگ لگنے کے کئی واقعات ہو چکے ہیں لیکن پھر بھی سبق نہیں سیکھا جا رہا۔

عمارتوں میں آگ اور کسی بھی ایمرجنسی میں حفاظت کے حوالے سے 2016ء میں وفاقی سطح پر ایک ضابطہ ترتیب دیا گیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

اسپتالوں سمیت دیگر سرکاری عمارتوں میں بھی حفاطت کیلئے کوئی خاص توجہ نہیں دی جاتی۔

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ سینٹر میں لگی آگ میں گیارہ افراد کی ہلاکت اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے بھر میں تمام کمرشل اور سرکاری آفیسز کی سیفٹی آڈٹ کی ہدایت دیتے ہوئے رپورٹ 30 دن میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

Karachi RJ Mall Fire