Aaj News

بدھ, دسمبر 04, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور میں 12 اسموگ ٹاور لگانے کا اعلان، شہری صرف الیکٹرک بائیک خرید سکیں گے

مصنوعی بارش کیلئے چینی ماہرین کی خدمات طلب، چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن ہوگی
شائع 18 نومبر 2023 12:28pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں 12 اسموگ ٹاور لگانے کا اعلان کردیا۔

ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ اسموگ سے نمٹنا قومی ذمہ داری ہے، طبقے کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، پنجاب حکومت ہروہ اقدام اٹھارہی ہےجوانسانی بس میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سےاپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں، لاہور میں 12 مقامات پر اسموگ ایئرفلٹر آئیونائز ریونٹس لگائے جائیں گے، مصنوعی بارش برسانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیجنگ میں اسموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم جلد لاہور کا دورہ کرے گی، پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی، غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا جب کہ سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جارہی ہے، لہٰذا اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی، لاہور سمیت تمام ا ضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کردی اور غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 10فیصد فصلوں کی باقیات کو جلایا جاتا ہے جب کہ بھارت میں 90 فیصد فصلوں کی باقیات جلائی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

لاہور میں مصنوعی بارش کیسے برسائی جا سکتی ہے اور کیا یہ ممکن ہے؟

پنجاب کی اسموگ صحت کے ساتھ ساتھ گھر کا بجٹ بھی متاثر کرنے لگی

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے باعث آج اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ العمل ہے۔

بڑھتے اسموگ اور ہوائی آلودگی کے باعث لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے، اس ضمن میں 28 نومبر کو لاہور میں مصونعی بارش بھی برسائی جائے گی۔

smog emergency

lahore smog condition