Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈرامہ سیریز ’فاتح القدس، صلاح الدین ایوبی‘ موجودہ وقت کی ضرورت ہے

بیت المقدس کا قبضہ چھڑانے والے سلطان صلاح الدین سے آج کی نسل ناواقف ہے، نگراں وزیرثقافت سندھ
اپ ڈیٹ 17 نومبر 2023 08:13am
After Salahuddin Ayyubi, we are going to make a film on life of Khalid ibn al-Walid: Junaid Shah

مسلمانوں کی تاریخ کے عہد ساز حکمراں اورصلیبیوں سے جنگ کرکے قبلہ اول بیت المقدس آزاد کرانے والے سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پربننے والا تاریخی ڈرامہ ’فاتح القدس، صلاح الدین ایوبی ترکیہ اورپاکستان میں بیک وقت ریلیزکردیا گیا۔

نودہائیوں تک عیسائیوں کے قبضے میں رہنے والے بیت المقدس کا قبضہ چھڑانے والے سلطان صلاح الدین ایوبی کی داد شجاعت پرمبنی تاریخی ڈرامہ سیریز ’فاتح القدس، صلاح الدین ایوبی‘پاکستان اور ترکی کے باہمی اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

اس سریز میں مسجد اقصی اورفلسطین کی منظرکاری جہاں ناظرین کے لئے ایمان افروزہوگی وہیں ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین ایوبی کی شجاعت، انصاف، بہادری اور مساوات جیسے اوصاف نا ظرین کا لہو گرمائیں گے۔

ڈرامے کے پروڈیوسر اور نگراں وزیرثقافت سندھ ڈاکٹرجنید علی شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت میں ایسے ڈرامے کی بہت ضرورت تھی کیونکہ مصر، شام، عراق، دیار بکر اور حجاز پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطان صلاح الدین ایوبی سے آج کی نسل ناواقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے زیادہ اس تاریخی سیریز کا ہدف چھ ارب غیر مسلم ہیں جنہیں باورکراناہے کہ اسلام میں مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت کیاہے اوریہ کہ قرآن کے اصولوں کے تحت ایک سلطنت کا نظام کامیابی کے ساتھ چلایا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غیرمسلم بھی عظیم فاتح سلطان صلاح الدین ایوبی کانام عزت واحترام کے ساتھ لیتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹرجنید علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ سلطان صلاح الدین ایوبی کے ساتھ ہی ہم نے اسلام کے عظیم سپہ سالار خالد بن ولید کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کے ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں یہ ڈرامہ سیریز بنائی گئی ہے، یہ ڈرامہ سیریز ترکش زبان میں ہے تین زبانوں اردو ، انگریزی اور عربی میں اس کی ڈبنگ ہوگی۔ 100 قسطوں سے ڈرامہ کا آغاز ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ سیریز میں پاکستانی فنکار بھی آئندہ آنے والی قسطوں میں نظر آئیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈرامہ سیریز کا مقصد دنیا میں اسلام کا امن و امان کا میسج دینا ہے، اسلام بہت پرامن مذہب ہے، صلاح الدین ایوبی کے دور میں جس طرح کرسچن ، مسلمان ، ہندو سب ایک جگہ خوشی خوشی رہتے تھے ہمیں وہ زمانہ یاد دلانا ہے ۔

تقریب میں جماعت اسلامی کے امیرحافظ نعیم الرحمان، آغا سراج درانی، پاکستانی اداکار ہمایوں سعید ،عدنان صدیقی، جویریہ سعود ،اشنا شاہ اور عائشہ عمر سیمت دیگر شوبز شخصیات سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔

Salahudin Ayyubi