پنجاب کے 10 اضلاع میں 18 نومبر کو تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز بند رہیں گی
اسموگ کے تدارک کیلئے پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ ہفتے کے روز 10 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند ہونے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
یاد رہے کہ ایک روز پہلے لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے نجی و سرکاری اسکول اور کالجز ہفتے کے روز بند کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے ہدایت کی تھی کہ ہفتے میں 2 روز ورک فرام ہوم کی پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔
عدالتی حکم کے بعد پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 18 نومبر کو 10 اضلاع میں تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز بند رہیں گی۔
پنجاب کے اسموگ سے متاثرہ 10 اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ ، قصور، گجرات، سیالکوٹ، نارروال، حافظہ آباد اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔
لاہور سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ جبکہ مارکیٹیں، دکانیں، جم اور سینما دوپہر 3 بجے کے بعد کھلیں گے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی تھی۔
وکیل حارث عظمت نے عدالت کو بتایا تھا کہ پی ایچ اے کے تمام ملازمین کی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک موٹر بائیک میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ دیگر اداروں کو بھی ایسے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا تھا کہ اسکول و کالجز کو ہفتے کے روز مکمل بند کرنا ہو گ جبکہ نجی و سرکاری دفاتر میں ہفتے کے 2 روز ورک فرام ہوم کی پالیسی اختیار کرنا ہو گی۔
خیال رہے کہ لاہور میں بڑھتی اسموگ کی روک تھام کے لئے سیف سٹی کیمروں کی بدولت دھواں خارج کرنے والی گاڑیاں پکڑی جارہی ہیں۔
سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
کیمروں میں دھواں چھوڑتی گاڑی نظر آنے پر فیلڈ فورس کو آگاہ کیا جاتا ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراؤں پر کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔
Comments are closed on this story.