Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ارشد حسین نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، پی ٹی آئی کا یو ٹرن

گورنر حاجی غلام علی نے نئی کابینہ سے حلف لیا
اپ ڈیٹ 13 نومبر 2023 06:01pm

اعظم خان کے انتقال کے بعد نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بننے والے جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے آج باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس سے قبل نگراں خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل مکمل کرلی گئی تھی اور گورنر کے پی حاجی غلام علی نے کابینہ میں شامل 10 وزرا کے ناموں کی سمری پر دستخط کیے تھے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے ارشد حسین کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم اب پی ٹی آئی نے تعیناتی عدالت میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ارشد حسین شاہ کے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ آمد پر سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے نگران وزیر اعلی کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے دفتر میں عملے کے ساتھ تعارفی ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے امور کے بارے میں مختصر بریفنگ دی گئی۔

یاد رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد گزشتہ روز جسٹس (ر) ارشد حسین نے بطور نگران وزیراعلی کے پی حلف اٹھایا تھا، اوراب نگراں خیبرپختونخوا کابینہ میں شامل وزرا نے حلف اٹھالیا ہے۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگراں وزرا سے حلف لیا۔

اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگراں کابینہ کی سمری پر دستخط کیے، جس کے تحت خیبر پختونخواکی نگراں کابینہ میں 10 وزراء شامل کئے گئے ہیں۔

نئی کابینہ میں سید مسعود شاہ، ارشاد قیصر، آصف رفیق، نجیب اللہ، سید عامرعبداللہ، فیروز جمال شاہ، احمد رسول بنگش، محمد قاسم خان، عامر ندیم اور احمد جان شامل ہیں۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ نئی نگراں صوبائی کابینہ میں گزشتہ کابینہ کے بیشتر وزراء کو ایک بار پھر شامل کیا گیا ہے اور ان کے قلمدانوں میں بھی ردوبدل نہیں کی گئی ہے، تاہم صوبائی کابینہ میں نئے وزراء بھی لئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نئے وزراء کے ناموں پر مشاورت جاری ہے، گورنر حاجی غلام علی کے پی نگراں وزراء سے ایک بار پھر ان کےعہدوں کا حلف لیں گے، اور حلف برداری کی تقریب آج سہ پہر 3 بجے ہوگی۔

خیال رہے کہ 11 نومبر کو خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال گرگئے تھے، جس کے بعد ان کی کابینہ بھی خود کار طریقے سے تحلیل ہوگئی تھی۔

پی ٹی آئی کا یو ٹرن

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم اب پی ٹی آئی نے ارشد حسین کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ تعیناتی عدالت میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سینٹر لیگل کوآرڈینیٹر پی ٹی آئی مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلی کی تعیناتی کو چیلنج نہیں کرینگے، پی ٹی آئی صاف اور شفاف انتخابات چاہتی ہے، صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔

pti

Haji Ghulam Ali

Azam Khan's Demise

Caretaker CM KPK Arshad Hussain Shah