Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئر مین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کل ہوگی

عمران خان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی عمل میں لائی جائےگی
شائع 12 نومبر 2023 10:09pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کل ہوگی۔

توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیسز سماعت کے لئے مقرر کرلیے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کل ہوگی جس میں عمران خان کےخلاف فرد جرم کی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔

اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت بھی کل ہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ کیس کی گزشتہ سماعت 24 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ جس میں وزارت داخلہ کے حکام نے الیکشن کمیشن کو تجویز دی تھی کہ وہ اڈیالہ جیل جاکر عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کریں۔ لیکن الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کیسے ہمیں حکم دے سکتا ہے۔

19 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے سپرنٹینڈنٹ جیل کو سابق وزیراعظم کی 24 اکتوبر کو پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر چیئرمین پی ٹی آئی اس دن الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوسکے تھے۔

24 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسدعمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی تھی۔

فواد چوہدری اور اسد عمر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی پیش نہ ہوسکے تھے۔ جس پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی آج اصل توہین ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے کہ انہیں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے، لیکن اس حکم پر تو کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔

Contempt Election Commission Case

cypher case Imran Khan

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Election 2024