Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی نواز اعوان گرفتار، پی ٹی آئی کا دعویٰ

علی نواز کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، پی ٹی آئی کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2023 07:04pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی نواز اعوان کو گزشتہ رات بٹل مانسہرہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے، انہیں فوری طور پر عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

تحریک انصاف کے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی نواز اعوان کو گزشتہ رات بٹل مانسہرہ سے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ علی نواز اعوان کو فوری طور پر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے، اور قانون کی حکمرانی پر من و عن عمل کیا جانا چاہئے۔

تحریک انصاف نے علی نواز اعوان کا ایک ویڈیو بیان بھی پوسٹ کیا ہے جس میں رہنما پی ٹی آئی کہتے نظر آرہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کی پورے پاکستان نے مذمت کی ہے، لیکن تحریک انصاف کے رہنماؤں کو پہلے گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا اور پھر انہوں نے پریس کانفرنس کرکے اس کی مذمت کی اور پارٹی چھوڑ دی یا کسی اور جماعت میں چلے گئے۔

علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف میں ہوں اور رہوں گا لیکن اگر مجھے گرفتار کرلیا جائے اور اس کے بعد میں کسی ویڈیو یا پریس کانفرنس میں نظر آؤں تو عوام سمجھ لے کہ مجھ پر دباؤ ہے اور میں جبر کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرارہا ہوں۔

پی ٹی آئی کی علی نواز اعوان کی ’جبری گمشدگی‘ کی مذمت

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اور سابق ایم این علی نواز اعوان کی ’جبری گمشدگی‘ کی شدید مذمت کی ہے۔

جمعرات کو پی ٹی آئی کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ علی نواز کی جبری گمشدگی ’اغوا برائے بیان‘ کے شرمناک سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے عام انتخابات سے قبل پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی مبینہ جبری گمشدگی کے واقعات کو تحریک انصاف کو انتخابی میدان سے باہر رکھنے کی سازش قرار دیا۔

پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر ریاستی دہشت گردی کا ایک اور واقعہ انتہائی شرمناک اور بانیانِ پاکستان کے تصوّرِ مملکت کی کھلی توہین ہے، تحریک انصاف کے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے قائدین اور کارکنان کے اچانک منظرِ عام پر آنے کے بعد دیے جانے والے بیانات کی قانون اور قوم کی نگاہ میں کوئی حیثیت نہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ علی نواز اعوان کو فوراً قانونی ضوابط کے مطابق عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس اس لاقانونیت اور فسطائیت کا نوٹس لیتے ہوئے نگران حکومت سے جواب طلب کریں،قوم اس ظلم و جبر اوران تمام ماورائے آئین اقدامات کا جواب 8 فروری 2024 کو اپنے ووٹ کے ذریعے دے گی۔

دوسری جانب مانسہرہ سے پاکستان تحریک انصاف کے ویلج کونسل بٹل کے چٸیرمین حزب اللہ خان کو بھی گھر سے پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا۔

pti

Ali Nawaz Awan

PTI Leaders arrested