Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

خضدار میں جھڑپ کے دوران 3 بی ایل ایف دہشت گرد مارے گئے، سی ٹی ڈی

دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کے لئے آپریشن وسیع کردیا، ترجمان سی ٹی ڈی
شائع 08 نومبر 2023 10:39pm
علامتی تصویر: پی ٹی وی
علامتی تصویر: پی ٹی وی

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خضدار میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظٰم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے موٹر سائیکل، ایک دیسی ساختہ بم، تین دستی بم، ایک پستول اور دو کلاشنکوفیں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی خضدار کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد خضدار میں بڑی واردات کی نیت سے دہشت گردوں کے کیمپ گریشہ نال سے خضدار آ رہے ہیں۔

اس اطلاع پر سی ٹی ڈی ٹیم نے سوری کانک کے مقام پر ناکہ لگا دیا، اس دوران موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کردی، سی ٹی ڈی ٹیم کی جوابی فائرنگ سے تینوں افراد موقع پر ہلاک ہوگئے۔

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے کمانڈر گلاب عرف نودین کے تین قریبی ساتھیوں آفتاب عرف شامیر، حمزہ عرف پھلو اور عبداللہ عرف ماسٹر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں ٹیچنگ اسپتال خضدار منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرکے دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کے لئے آپریشن وسیع کردیا ہے۔

CTD

khuzdar