Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دوست نے ادھار رقم کی واپسی کے تقاضے پر دوست کو قتل کردیا

ملزم عدنان نے مقتول سے ایک لاکھ 20 ہزارروپے ادھار لے رکھے تھے
شائع 06 نومبر 2023 10:53am

دوست نے ادھار رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو دوست نے اسے قتل کردیا اور موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی لے کر فرار ہوگیا۔ ملزم عدنان نے مقتول دوست سے ایک لاکھ 20 ہزارروپے ادھار لے رکھے تھے۔

اوکاڑہ میں دوست نے ہی دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، اور قاتل مقتول کا موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی لے کر فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت احمد حسن کے نام سے ہوئی ہے جو ڈسٹرکٹ اسپتال اوکاڑہ میں ڈسپنسر تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ احمد حسن سے اس کے دوست عدنان نے ایک لاکھ 20 ہزارروپے ادھار لے رکھے تھے، جب احمد نے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو ملزم عدنان نے اپنے ایک اور دوست زین کے ساتھ مل کر احمد کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کے مطابق احمد حسن کو عدنان اور زین بہانے سے لے کر گئے، اور ایک سنسان جگہ پر اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا، اور مقتول کا موٹرسائیکل اور دیگر قیمتی سامان بھی لے گئے۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے، جب کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

Punjab police

Okara

killing in okara