Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

میانوالی ائربیس پر حملہ پسپا، 9 دہشت گرد مارے گئے، کلیئرنس آپریشن مکمل

علاقے کو کلیئر کرنے کے لئے کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 04 نومبر 2023 12:33pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان ائرفورس ٹریننگ بیس میانوالی پردہشت گردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔ واقعے میں تین گراؤنڈ شدہ طیاروں کو نقصان پہنچا جن کا استعمال پہلے ہی ترک ہوچکا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی اے ایف ٹریننگ بیس میانوالی پر کیے گئے حملے کو ناکام بناتے ہوئے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے بروقت اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق دہشت گرد حملہ پرسکیورٹی اہلکاروں نے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرکے اہم دفاعی اثاثوں کی حفاظت ک یقینی بنایا.

یہ بھی پڑھیں:

گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں کا حملہ، 14 فوجی جوان شہید

خیبرپختونخوا: 3 مختلف واقعات میں خودکش بمبار سمیت 2 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید

حملے کے وقت سکیورٹی اہلکاروں نے غیر معمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو بیس میں داخل ہونے سے پہلے روکا اور ہلاک کردیا۔ دیگر 6 کلیئرنس آپریشن کے دوران مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں گراؤنڈ شدہ 3 طیاروں اور ایک باؤزر کو نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ حملے کی رپورٹنگ کرتے ہوئے پڑوسی ملک کے بعض نیوز چینلز جان بوجھ کر حقائق کو نظر انداز کرکے اس واقعے کو غلط تاثر دیکر پیش کر سکتے ہیں۔

ایک بیان میں کہا گیا کہ گراؤنڈ شدہ اور phased out طیاروں کو پرواز کے قابل طیاروں کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔

پاک فضائیہ نے حملے کو ناکام بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وزیراعظم

اس حوالے سے نگراں وزیراعظم انوار الحق نے ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنا کر پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم آپ کی ہمت و عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع گوادر میں سکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوئے، سکیورٹی فورسز کی گاڑیاں پسنی سے اورماڑا جارہی تھیں۔

PAF

ISPR

security forces

Mianwali