Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

گیس قیمت میں اضافہ فی الحال رک گیا، کابینہ نے دوبارہ جائزے کیلئے کہہ دیا

کابینہ کی حج پالیسی 2024 اور اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری
اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2023 09:25pm
فوٹو ۔۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی
فوٹو ۔۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی

نگراں وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الحال روک دیا جبکہ حج پالیسی 2024 اور اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ دوسری طرف گیس کی قیمتوں اضافے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیا گیا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق نگراں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 کی منظوری دے دی جبکہ اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن ایف آئی اے قائم کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کوغیرقانونی افغان شہریوں کونکالنے سے متعلق آرڈر پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ فارن ایکٹ 1947 کے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کردیا اور پولیس سمیت متعلقہ اداروں کوغیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزایافتہ غیرملکیوں کو بے دخل کیا جائے گا، سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، پراسیکیوشن اورجیل انتظامیہ کوخصوصی اختیارات دیے گئے ہیں، چاروں صوبوں میں گرفتارغیرملکیوں کو رکھنے اور بے دخل کرنے کے لیے خصوصی سینٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا گیا اور کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر وزارت توانائی کو مزید غورکرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں

رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو نکالنے کی قطعی طورپر کوئی بات نہیں کی گئی، نگراں وزیراعظم

پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں، وزیراعظم

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس نرخوں میں اضافے سے متعلق ای سی سی کے فیصلے کی توثیق نہ ہوسکی، کابینہ اجلاس میں ای سی سی فیصلوں کی توثیق زیر غور نہیں لائی گئی۔

نگراں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزراء کی بریفنگ

نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اب تک 2 لاکھ کے قریب غیرقانونی غیرملکی واپس جاچکے ہیں، 10 ایف آئی اے امیگریشن چیک پوسٹوں کو تھانے کا درجہ دیے دیا گیا ہے، وزارت مذہبی امور آج ہی پی آئی اے کو بقایاجات ادا کردے گی۔

نگراں وفاقی کابینہ کا وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے بعد وزیر داخلہ، وزیر صحت اور وزیر ثقافت کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے قدرتی گیس کی قیمت میں اضافہ مؤخرکرتے ہوئے ای سی سی کو ازسر نوجائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 کی منظوری دی ہے، اگلے سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد حج ادا کرسکیں گے، سرکاری اور پرائیویٹ کوٹہ مساوی ہوگا، حج پیکج ایک لاکھ کم کرکے جنوبی ریجن کے لئے 10 لاکھ 75 ہزار جبکہ شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات 10 لاکھ 65 ہزار روپے ہوں گے، کوئی خاتون بغیر محرم کے حج ادا کرسکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کے لیے ری پیٹرئیٹ ایکٹ بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے، ان غیرملکیوں کے انخلاء کے دوران ریاست کا کوئی ادارہ یا فرد اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کرے گا، جن لوگوں کوواپس بھیجاجارہا ہے ان کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ انخلاء کا معاملہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف ہے، کسی مخصوص گروہ کے خلاف نہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے، غیر قانونی مقیم افراد واپس اپنے ملکوں کو جائیں، قانونی دستاویزات حاصل کر کے واپس آ سکتے ہیں، وہ پاکستانی جنہوں نے غیر قانونی مقیم افراد کو گھر کرایہ پر دے رکھے ہیں، وہ بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں، ایسے افراد کے لئے موقع ہے کہ وہ غیر قانونی مقیم افراد کے بارے میں اطلاع فراہم کریں۔

ای سی سی کا اجلاس منگل کو دوبارہ طلب

نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں گیس کی قیمتوں سے متعلق غور کیا گیا۔

ای سی سی گیس کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ کل بروز منگل کرے گی، ذرائع کے مطابق کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق مزید غور کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ فیصلے کی روشنی میں ای سی سی کا اجلاس آج ہی منعقد ہوا تھا، اقتصادی رابطہ کمیٹی گیس قیمتوں سے متعلق کل دوبارہ غور کرے گی، ای سی سی پہلے گیس کی قیمتوں میں 193 فیصد تک اضافے کی منظوری دے چکی ہے۔

Caretaker prime minister

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

Hajj 2024

POLICY HAJJ

Federal Caretaker Cabinet

PM KAKAR

Anti Human Trafficking Station