Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد مری جانے کا پروگرام

نواز شریف نے جاتی امراء میں قانونی ٹیم سے مشاورت کی
اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2023 10:01pm
فوٹو ــ فائل ۔ ٹوئٹر/اسحاق ڈار
فوٹو ــ فائل ۔ ٹوئٹر/اسحاق ڈار

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں مصروف دن گزارا اور مختلف افراد سے ملاقاتیں کیں۔ سابق وزیر اعظم نے اپنی لیگل ٹیم سے بھی ملاقات کی، تاہم اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور سے ملاقات نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، اور پھر ان کے مری روانہ ہونے کا امکان ہے، قائد ن لیگ کا چند روز مری میں قیام کا پروگرام ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور اسحاق ڈار نے اپنی فیملیز کے ساتھ جاتی امرا میں ملاقات کی۔ قریبی رشتے داروں اور عزیز و اقارب بھی نواز شریف سے ملنے جاتی امرا پہنچے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی قائد کو ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان آئندہ کی انتخابی حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی اقتصادی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی۔ اعظم نذیر تارڑ نے نواز شریف کو مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات سمیت قانونی امور پر بریفنگ دی۔

اے این پی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور بھی نواز شریف سے ملاقات کرنے جاتی امرا پہنچے، تاہم انھیں نواز شریف سے ملنے کی اجازت نہ ملی جسکے بعد وہ واپس چلے گئے۔

غلام بلور نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بغیر اطلاع کے نواز شریف سے ملنے آئے تھے، اور اجازت نہ ملنے کے بعد پشاور جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت پر ہیں جس کی مدت 24 اکتوبر کو ختم ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اس سے پہلے عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے جس کے بعد انکے وکلا عدالت سے نواز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست کریں گے۔

Pakistan Politics

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

nawaz sharif returns 2023

ghulam ahmed bilor