Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’قطر کی کوششوں کے بعد انسانی بنیادوں پر 2 امریکی یرغمالی رہا‘

قطر کی ثالثی کی کوششوں کے جواب میں یرغمالیوں کو رہا کیا، ترجمان
شائع 21 اکتوبر 2023 12:07am
قطر کی کوششوں کے بعد انسانی بنیادوں پر دو امریکی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے، ترجمان حماس۔ فوٹو ــ فائل
قطر کی کوششوں کے بعد انسانی بنیادوں پر دو امریکی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے، ترجمان حماس۔ فوٹو ــ فائل

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ قطر کی کوششوں کے بعد انسانی بنیادوں پر دو امریکی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ حماس کے مسلح ونگ عز الدین القسام بریگیڈ نے اسرائیل کے ساتھ جنگ میں قطر کی ثالثی کی کوششوں کے جواب میں غزہ سے دو امریکی یرغمالیوں کو ”انسانی بنیادوں پر“ رہا کر دیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ اس نے سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل میں آبادیوں اور فوجی اڈوں پر کیے گئے حملے کے دوران تقریبا 200 افراد کو یرغمال بنایا تھا، جو 1973 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد ملک پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ آسیان سربراہ اجلاس میں 1967 کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے بنیادی ڈھانچے اور شہریوں کیخلاف اسرائیلی کارروائیاں روکی جائیں۔

دوسری طرف جمعہ کو اسرائیل کی غزہ پر بمباری کا 14واں روز تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 307 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد4,137 ہوگئی جبکہ 13 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

اسرائیلی بمباری سے 1661 سے زائد فلسطینی بچے شہید ہوئے جبکہ شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 1444 خواتین بھی شامل ہیں۔

غزہ میں 4000 سے زائد فلسطینی لاپتہ ہیں۔ اسرائیل نے رات بھر غزہ پر 100 سے زائد حملے کیے، گزشتہ 24 گھنٹے میں خان یونس کیمپ پر کی گئی بمباری میں مزید 26 فلسطینی شہید ہوئے۔

israeli air strikes

Palestinian Israeli Conflict

Hamas Israel attack 2023