Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹرانسپورٹرز اور تاجر قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیں، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان

کمشنرز ڈی سیز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو قیمتوں میں استحکام لانے کی ہدایت کردی، میرمردان
شائع 16 اکتوبر 2023 11:28pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز اور تاجر قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیں۔

میر علی مردان ڈومکی نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران پیٹرول 48 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 23 روپے کمی ہوئی اس کے علاوہ اسٹاک ایکسچینج میں بھی 6 سال بعد استحکام آیا ہے۔ سیمنٹ اور سر یے کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، امید ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے پر اب اشیاء خورونوش کی قیمتیں کم ہونگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز اور تاجر بھی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیں۔ صوبائی حکومت نے تمام کمشنرز ڈی سیز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو قیمتوں میں استحکام لانے کی ہدایت کی ہے اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان کا مسئلہ بلوچستان میں ہے اپیکس کمیٹی میں امن وامان کی بہتری کے حوالے سے اہم معاملات زیر غور آئے ہیں ۔ امن وامان میں بہتری کوئی خواب نہیں جو رات دیکھا اور صبح پورا ہوگیا۔

میرعلی مردان نے مزید کہا کہ بلوچستان کی روایت نہیں کہ دوسرے صوبے سے آنے والے مزدوروں کو قتل کر دیا جائے، تربت واقعہ میں کچھ کوتاہیاں انتظامیہ کی ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ کو تبدیل کیا ہے۔ مزدوروں کی رجسٹریشن ہونی چاہیے تاکہ انتظامیہ کو پتہ ہو کہ دیگر صوبے کے مزدور وہاں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین ہمارے مہمان رہے ہیں انہیں عزت سے اپنے ملک بھیجا جائے گا اور افغان باشندے قانونی طریقے سے پاکستان آئیں لیکن انٹرنیشنل بارڈر پر اب صرف قانونی طریقے سے آمدورفت ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ سکیورٹی کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور آئے روز لوگ احتجاج کی غرض سے ریڈ زون بند کردیتے ہیں جبکہ مسائل مذاکرات اور ملاقاتوں سے حل ہوسکتے ہیں اس لیے دفعہ 144 نافذ کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ زمینداروں کے کچھ مسائل حل کئے ہیں کچھ معاملات میری پہنچ سے دور ہیں تاہم ایک حد تک مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جس دن انتخابات کی تاریخ دے گا ہم تیار ہیں تاہم صوبے کے مالی معاملات یا تو وفاق یا پھر اللہ ہی بہتر کر سکتا ہے لیکن ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

petrol price

pakistan economy

caretaker cm balochistan