Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

معروف قوال شہید امجد صابری کے نام پر لوٹ مار کے تین واقعات رپورٹ

2 ماہ کے دوران لاکھوں روپے کے کھانےاور ہزاروں روپے ٹرانسفر کرائے گئے، مجدد صابری
شائع 10 اکتوبر 2023 04:18pm

معروف قوال شہید امجد صابری کے نام پر لوٹ مار کے تین واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، اور مرحوم کے بیٹے مجدد صابری کے مطابق 2 ماہ کے دوران لاکھوں روپے کے کھانے اور ہزاروں روپے ٹرانسفر کرائے گئے۔

کراچی شہرمیں بڑھتے جرائم کی نت نئی وارداتوں میں اب ایک اور طریقے کا اضافہ ہوگیا ہے، اور اس بار ملک کے معروف قوال شہید امجد صابری کے نام پر عوام کو لوٹ لیا گیا ہے۔

شہید امجد صابری کے اہل خانہ کے مطابق صرف دو ماہ کے دوران صابری فیملی کے نام پر لوٹنے کے تین واقعات ہو چکے ہیں۔

مرحوم امجد صابری کے بیٹے مجدد صابری کے مطابق نامعلوم نو سرباز نے واٹس ایپ پر امجد صابری کے بیٹے کی تصویرلگائی، اور جعلی کالز کر کے ہزاروں روپے ٹرانسفر کرائے گئے۔

مرحوم امجد صابری کے بیٹے مجدد صابری نے بتایا کہ نوسرباز نے گزشتہ رات 34 ہزار کے کھانے کا آرڈر دیا اور10 ہزار روپے آن لائن ٹرانسفر کرائے، جب کہ ربیع الاول کے دن بریانی کی 10دیگیں آرڈر کرائیں اور 50 ہزار کی رقم ٹرانسفر کرائی۔

مجدد صابری کے مطابق 2 ماہ کے دوران لاکھوں روپے کے کھانےاور ہزاروں روپے نقد ٹرانسفر کرائے گئے، ان واقعات کی رپورٹ کے لیے پولیس اورایف آئی اے سے رابطہ کیا ہے، اور ملوث ملزم کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے معروف قوال امجد صابری 7 برس قبل 22 جون 2016 بمطابق 16 رمضان المبارک کو ایک رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کیلئے نکلے اور مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے اس آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کردیا۔

امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھیں کھولی، انہوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت اپنے والد غلام فرید صابری اور چچا عظمت صابری سے حاصل کی اور محض 8 سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا۔

قوالی انہیں ورثے میں ہی ملی،امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو اس انداز سے منوایا کہ جس کی مثال ملتے نہیں ملتی۔

امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت، پاکستان سمیت دنیا بھر کے 17ممالک میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر آئے، انہیں کئی ایوارڈز کے ساتھ پرائڈ آف پرفارمنس بھی ملا۔

امجد صابری کے گائے جانے والے عارفانہ کلام تاجدار حرم، بھردو جھولی میری یامحمد اور جس نے مدینے جانا ہے کرلو تیاریاں بہت مشہور ہوئے۔

Amjad Sabri