Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گٹکا ماوا کھانے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا فیصلہ

ملوث اہلکاروں کو محکمانہ سزائیں بشمول ملازمت سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے، حکم نامہ
شائع 07 اکتوبر 2023 09:18pm
کراچی پولیس میں گٹکا ماوا کھانے اور دیگر منشیات استعمال کرنے والےاہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا فیصلہ۔ فوٹو ــ فائل
کراچی پولیس میں گٹکا ماوا کھانے اور دیگر منشیات استعمال کرنے والےاہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا فیصلہ۔ فوٹو ــ فائل

کراچی پولیس میں گٹکا ماوا کھانے اور دیگر منشیات استعمال کرنے والےاہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا فیصلہ کرلیا گیا، حکم نامے کے مطابق ملوث اہلکاروں کو محکمانہ سزائیں بشمول ملازمت سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف ضلع کیماڑی میں تھانہ سعیدآباد پولیس نے چھالیہ اور دیگر سامان کی اسمگلنگ میں ملوث 7 ملزمان گرفتار کرلیے۔

ایس ایس پی آفس ضلع کیماڑی، ساوتھ زون کراچی سے جاری حکم نامہ کے مطابق گٹکا ماوا کے بنانے، فروخت اور ترسیل کے خلاف حکومت سندھ نے قانون ایکٹ نافد کیا ہے جس کے تحت سخت سزائیں ( قید و جرمانہ) لاگو کی ہیں، لہذا ایسے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ پولیس ملازمین بدستور گٹکا ماوا استعمال کررہے ہیں ، بلکہ چند ملازمین ایسے گھناؤنے جرائم میں سہولت کاری بھی فراہم کررہے ہیں، جب کہ کچھ ملازمین دیگر منشیات کا استعمال بھی بلاخوف کررہے ہیں۔

ایس ایس پی آفس سے جاری حکمہ نامہ کے مطابق جملہ ملازمین کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ گٹکا ماوا اور دیگر منشیات کے استعمال سے اجتناب کریں ورنہ ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور محکمانہ سزائیں بشمول ملازمت سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے۔

حکم نامہ میں لکھا گیا کہ ایس ایچ اوز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ایسے ملازمین کے خلاف مس کنڈکٹ رپورٹ دفتر ہذا میں برائے محکمانہ کارروائی روانہ کریں۔ جملہ ایس ڈی پی اوز صاحبان اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

چھالیہ اور دیگر سامان کی اسمگلنگ میں ملوث 7 ملزمان گرفتار

ضلع کیماڑی میں تھانہ سعیدآباد پولیس نے اسمگلنگ کےخلاف 2 مختلف کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پہلی کارروائی یوسف گوٹھ میں واقع گودام میں کی گئی، جس میں 48 من سے زائد نان کسٹم پیڈ چھالیہ، خشک دودھ، پلاسٹک شاپر برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

تکنیکی ذرائع کی مدد سے گاڑی سے 2 شہریوں کو روندنے والا ملزم بروقت گرفتار

کراچی: ڈاکوؤں نے صبح دفترجانیوالے شہری کو لوٹ لیا

گھر سے بھاگنے والے جوڑے کا تعاقب، نوجوان کی فائرنگ سے لڑکی کے 2 رشتے دار ہلاک

دوسری کارروائی حب ریور روڈ پر دوران چیکنگ کی گئی جس میں سوزوکی سے اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کرکے ایک مزم کو گرفتارکیا گیا۔

karachi

drugs

Karachi Police

Karachi Street Crimes

Gutka