Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد گرفتار، اسلحہ برآمد

ملزم ایم کیوایم لندن کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم رکن تھا، ترجمان سی ٹی ڈی
شائع 03 اکتوبر 2023 02:25pm

سی ٹی ڈی نے سرجانی ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایم کیوایم لندن کا دہشت گرد گرفتار کرلیا، ملزم ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم رکن ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں کامیاب کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم بلال انیس عرف بلا ایم کیو ایم لندن کا تربیت یافتہ اور ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم رکن تھا، جسے ساؤتھ افریقا سے آصف عبداللہ نامی دہشت گرد قتل اور دیگر وارداتوں کا حکم دیتا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے 2017 میں آصف عبداللہ کی ہدایت پر4 رکنی ٹیم تشکیل دی، جس میں رحیم ، دانش ، اویس اور رضوان عرف جوان شامل تھے۔

ملزم نے بتایا کہ اس نے ایم کیو ایم پاکستان میں ضم ہونے والی پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سیکٹر انچارج عبدالحمید عرف ندیم موٹا کو ریکی کے بعد قتل کیا۔ اس قتل کے الزام میں دانش اور راشد 26 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم بلال عبدالحمید قتل کیس میں مفرور ہے، اور پی ایس پی کے سیکٹرانچارج کے قتل پر لندن قیادت کی طرف سے آصف عبداللہ نے اسے انعام بھی بھیجا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم بلال نے 2014 میں اورنگی ٹاون میں بھی ایک شخص کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے، جب کہ یہ پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

MQM

CTD

Target Killing

Target Killer Arrested