Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی ریکارڈ پرفارمنس، ستمبر میں دنیا کی بہترین کرنسی

ستمبر میں روپے کی قدر میں 6 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا
شائع 28 ستمبر 2023 07:52pm
ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی ریکارڈ پرفارمنس، ستمبر میں دنیا کی بہترین کرنسی, فوٹو ــ روئٹرز
ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی ریکارڈ پرفارمنس، ستمبر میں دنیا کی بہترین کرنسی, فوٹو ــ روئٹرز

پاکستان میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی ریکارڈ پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی روپیہ ستمبر میں اب تک دنیا کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسی بن گئی۔

روپیہ کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی بڑھتی قدر کو بریک لگانے کیلئے حکومتی کوششیں کام کر گئیں۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈالر کی قدر میں کمی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل 17ویں روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں پاکستانی روپے نے ستمبر میں دنیا کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسی کا اعزاز حاصل کرلیا۔

آج کے سیشن کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی میں 1.01 روپے کا اضافہ ہوا۔ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.35 فیصد اضافہ ہوا اور یہ آج 287.74 روپے پر بند ہوا۔ یہ 10 اگست کے بعد یعنی سات ہفتوں میں روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بہترین کارکردگی ہے۔

یوں تو رواں سال کے دوران مجموعی طور پر روپے کی قدر میں 21 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ رواں مالی سال میں روپے کی قدر میں 0.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم رواں ماہ (ستمبر) میں روپے کی قدر میں 6 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

انٹر بینک مارکیٹ میں آج دیگر تمام بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا۔ یورو کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 2.58 روپے، برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں 0.85 روپے اور آسٹریلوی ڈالر کے مقابلے میں 0.87 روپے کا اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :

پاکستان میں ڈیجیٹل ذرائع سے رقوم کی لین دین میں 81 فیصد اضافہ

ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والی انڈس موٹر کا عارضی بندش کا فیصلہ

کینیڈین ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر میں 0.56 روپے، یو اے ای درہم کے مقابلے میں 0.27 روپے اور سعودی ریال کے مقابلے میں 0.26 روپے کا اضافہ ہوا۔

pakistan economy

State Bank Of pakistan

dollar vs rupee

Pakistan Rupee

dollar prices