Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کندھ کوٹ: راکٹ لانچر کا گولا پھٹنے سے دھماکا، خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

اہلخانہ نامعلوم مقام سے ملنے والا گولہ بیچنے کے لئے توڑ رہے تھے، پولیس
اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2023 04:46pm
How did the rocket reach Goth in Kandhkot? - Aaj News

کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولا پھٹنے سے دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے کچے کے علاقے میں راکٹ لانچر کا گولا پھٹا جس کی وجہ سے دھماکا ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے چار بچوں اور تین اتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ گھوڑاگھٹ تھانہ کی حدودعلی نواز سبزوئی میں پیش آیا جہاں اہلخانہ نامعلوم مقام سے ملنے والا گولہ بیچنے کے لئے توڑ رہے تھے۔

فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتش جاری ہے جب کہ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا۔

ایس ایس پی روحیل کے مطابق نیاز ، ایاز ، زبیر قربان، حنیفہ، رخسانہ، خدیجہ اور شائستہ واقعے میں جاں بحق ہوئے جب کہ جاں بحق افراد میں ایک ماں بیٹا بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیاز اور ایاز دونوں نے کچے کی زمین سے مارٹن گولہ برآمد کیا جو گھر لے کر آئے تو انہوں نے مل کر ہتھڑوں سے توڑنے کی کوشش کی جس سے دھماکہ ہوا اور یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر واقع پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

مقبول باقر نے سوال کیا کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا، کیا کوئی اسلحہ کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی یا ان کے سہولت کار موجود ہیں؟

نگراں وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ سے کہا کہ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوئے جس سے اتنا جانی نقصان ہوا، تفصیلی رپورٹ دیں۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور کمشنر لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

کامران ٹیسوری نے جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترئین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں گھر کے اندر راکٹ کا گولہ پھٹنے کے معاملے پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

بلاول بھٹو نے واقعے میں معصوم بچوں سمیت 8 افراد کی ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں کو اسلحے سے پاک جب کہ جرائم کی آماجگاہ بننے سے روکنا ہوگا۔

راکٹ لانچر کا گولہ پٹھنے سے جاں بحق 9 افراد کی نماز جناز ادا

دوسری جانب کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولہ پٹھنے سے جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی نماز جناز ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں سبزوئی قبیلے کے افراد سمیت علاقے کے معززین نے شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔

Sindh Police

Kandhkot