Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے آڈٹ کی ہدایت

دنیا تحقیق کرکے کہاں سے کہاں پہنچ گئی مگر ہم ابھی تک جامعات ٹھیک کر رہے ہیں، مقبول باقر
شائع 25 ستمبر 2023 03:04pm
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر۔ فوٹو — اسکرین گریب
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر۔ فوٹو — اسکرین گریب

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو تمام سرکاری یونیورسٹیز کے آڈٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

مقبول باقر کی زیرصدارت یونیورسٹی اینڈ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری سندھ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب میں مقبول باقر کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی 2013 میں قائم کی گئی جس کا مقصد ہائر ایجوکیشن کی ترقی اور تحقیق کے کام کو بہتر کرنا ہے، ایچ ای سی ایسی پالیسی بناتی ہے تاکہ تعلیمی ترجیحات بہتر ہو سکیں۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایچ ای سی کے اہم پروگرامز میں ریسرچ سپورٹ پروگرام شامل ہے جس میں ایم فل، پی ایچ ڈی اسکالرشپ، لیب کی بہتری اور اسمارٹ کلاس روم پروگرام شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری یونیورسٹیز میں تحقیق کا کام تسلی بخش نہیں، دنیا تحقیق کرکے کہاں سے کہاں پہنچ گئی مگر ہم ابھی تک جامعات ٹھیک کر رہے ہیں۔

مقبول باقر نے کہا کہ جو تحقیق ہورہی ہے اس کے معیار پر سوالات ہوتے ہیں، سنا ہے 9 یونیورسٹیز میں سینٹ اجلاس نہیں ہوتا، لہٰذا جامعات سینٹ کا اجلاس کروائیں۔

اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری یونیورسٹیز کے آڈٹ کرنے اور جامعات میں پینشن فنڈ قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے آج کراچی یونیورسٹی کے رٹائرڈ ملازمین پریشان ہیں۔

karachi

Karachi university

Caretaker CM Sindh

Justice (Rtd) Maqbool Baqir

Maqbool Baqar