Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کندھ کوٹ میں ساوند اور سندرانی قبائل کی دشمنی نے ایک اور جان لے لی

مٹھو ساوند کے قتل کے بعد گروہوں میں کشیدگی بڑھ گئی، عوام میں خوف و ہراس
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2023 10:42pm
کندھ کوٹ میں قبائلی تصادم تھم نہ سکا، ایک اور نوجوان جان سے گیا، تصویر بذریعہ مصنف
کندھ کوٹ میں قبائلی تصادم تھم نہ سکا، ایک اور نوجوان جان سے گیا، تصویر بذریعہ مصنف

کندھ کوٹ میں ساوند اور سندرانی قبائل کے درمیان چلنے والے خونی تنازعہ نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔ دونوں قبائل کے گاؤں آمنے سامنے ہیں، نوجوان کی موت کے بعد مسلح افراد مورچہ بند ہو گئے جس کے بعد مزید خونریزی کا خطرہ ہے۔

کندھ کوٹ کے کچے میں رہنے والے ساوند اور سندرانی قبائل میں کچھہ عرصہ قبل سیاہ کاری سے شروع ہونے والا تنازعہ رک نہ سکا۔

گاؤں بشیر ساوند میں دشمنی کے باعث سندرانی قبیلے کے مسلح افراد نے مبینہ طور پر حملہ کیا، اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں نماز پڑھنے والا نوجوان مٹھو ساوند گولیوں کا نشانہ بن گیا۔

نوجوان کے قتل کے بعد گروہوں کے مسلح افراد میں فائرنگ کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا جس کی وجہ سے علاقے میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔

علاقے میں کشیدگی کی وجہ سے نوجوان کی لاش بھی گاؤں میں کئی گھنٹے پڑی رہی جو دیر تک اسپتال نہ لائی گئی۔

واضح رہے کہ دونوں گروہوں میں چلنے والے خونی تنازعہ کے باعث سندھ کے ہیرو پروفیسر اجمل ساوند، قانون دان نورالاہی سندرانی، محنت کش اصغر تھیم سمیت دس سے زائد افراد قتل ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :

کندھ کوٹ : پولیس آپریشن میں بڑی کامیابی، 2 مغوی بازیاب

شکار پور: قبائلی تصادم میں 9 افراد قتل، شہریوں کی سپریم کورٹ سے نوٹس کی استدعا

اموات کے باوجود کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا ہے، دونوں گروہ کے گاؤں آمنے سامنے ہونے کی وجہ سے مزید خونریزی کا خطرہ ہے۔

کندھ کوٹ کے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کو چاہیے کہ سخت اقدامات اٹھا کر خونی تنازعہ کو روکا جائے۔

Sindh Police

Kandhkot

kidnaping in kandh kot