کراچی: گاڑی پر پولیس کی فائرنگ سے شہری جاں بحق، 4 اہلکار گرفتار
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں کار نہ روکنے پر سیاہ شیشے والی گاڑی پر پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے گاڑی کا ڈرائیور اجمل جان جاں بحق ہوگیا، گاڑی میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی تھی۔
واقعہ اورنگی میں اسلام چوک کے قریب پیش آیا، واردات میں ملوث چاروں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
مقتول کے کزن مزمل کا کہنا ہے کہ گولی مارنے کا حق کسی کو نہیں ہے، پولیس نے بہت ظلم کیا ہے، اہلکاروں نے اجمل کو ناجائز طور پر قتل کیا۔
مقتول اجمل منگھو پیر کا رہائشی اور حب چوکی سے کار میں چھالیہ کی بوریاں لے کر کراچی آرہا تھا۔
انچارج کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے۔ گاڑی پر گولیوں کے نشان بھی موجود ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ مہزور علی کے مطابق واقعہ میں ملوث گرفتار اہلکاروں میں کاشف شاہ، وقاص، احمد اور وزیر احمد شامل ہیں، انھیں اختیارات میں تجاوز کرنے، غلفت اور لاپرواہی برتنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ نے مزید بتایا کہ اہلکاروں کے پاس کوئی انٹیلی جنس معلومات نہیں تھیں ۔ گرفتار اہلکاروں کے ابتدائی بیانات بھی قلمبند کر لیے گئے ہیں۔
Comments are closed on this story.