Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: خاتون یوٹیوبر زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم

چھ روز گزرنے کے باوجود ملزم گرفتار نہ ہوسکا، یوٹیوبر انصاف کی منتظر
اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2023 08:49pm
YouTuber robbed in Karachi while recording video - Aaj News

شہر قائد میں شہریوں کے ساتھ سوشل میڈیا سے جڑے افراد بھی ڈکیتوں کے نشانے پر آگئے، فائیو اسٹار چورنگی پر خاتون یوٹیوبر کو زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کردیا گیا۔ متاثرہ افراد کو قانونی کارروائی کے لئے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہر قائد ڈکیتوں کی آماجگاہ بنتا جارہا ہے، حیدری تھانے کی حدود فائیو اسٹار چورنگی پر انوکھی واردات ہوئی جہاں تنہا ڈاکو یوٹیوبر ماہم زہرہ اور ان کے شوہر سے کیمرے ، موبائل فونز اور قیمتی سامان لے اڑا۔

ماہم زہرہ کا کہنا ہے انہوں نے کئی سال سے سوشل میڈیا کے لیے اسٹوریز کرنے کے لئے قیمتی سامان خریدا جو تنہا ڈاکو کچھ ہی سیکنڈز میں لے اڑا۔

 کیمرے اور دیگر قیمتی سامان سے محروم خاتون یوٹیوبر اپنے شوہر کے ہمراہ
کیمرے اور دیگر قیمتی سامان سے محروم خاتون یوٹیوبر اپنے شوہر کے ہمراہ

ماہم زہرہ، پولیس کے رویے سے بھی کافی پریشان نظر آئیں۔ کہتی ہیں پولیس کئی دنوں تک ٹال مٹول سے کام لیتی رہی اور مقدمہ درج کرنے کے لئے دھکے کھانے پر مجبور رہے جبکہ وعدوں کے باوجود کسی نے تاحال مدد فراہم نہیں کی۔

واقعہ میں ملوث فرار ہونے والے ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ جس میں تنہا ملزم کو متاثرہ خاتون کا بیگ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واردات کے بعد ملزم کی موٹرسائیکل کی ٹنکی پر رکھی پستول گرجاتی ہے۔ ملزم واپس آکر پستول اٹھاتا ہے اور فرار ہوجاتا ہے۔

واقعہ کا مقدمہ حیدری تھانے میں درج کرلیا گیا۔ چھ روز گزرنے کے باوجود واقعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

karachi

Karachi Police

Street Crimes

Dacoits