Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمرکوٹ : فراڈ آن لائن بزنس نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

ایک لاکھ 50 ہزار روپے ادھار لیکر سرمایہ کاری کی، کمپنی نے فون بند کردیے
شائع 16 ستمبر 2023 08:00pm
عمرکوٹ میں فراڈ آن لائن بزنس سے متاثرہ شخص نے کنویں میں چلانگ لگا کرخودکشی کرلی۔ تصویر بذریعہ مصنف
عمرکوٹ میں فراڈ آن لائن بزنس سے متاثرہ شخص نے کنویں میں چلانگ لگا کرخودکشی کرلی۔ تصویر بذریعہ مصنف

عمرکوٹ میں فراڈ آن لائن بزنس نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، بائیس سالہ نوجوان نے قرض لے کر کمپنی میں سرمایہ کاری کی، پیسا ڈوبنے پر قرض داروں کے خوف سے کنویں میں چلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

عمرکوٹ کی عائشہ مارکیٹ کے رہائشی نوجوان نے نامعلوم آن لائن بزنس کمپنی کی جانب سے موبائل فون کے ذریعے بزنس کرنے کی پیشکش دیکھی۔

نوجوان نے آن لائن انویسٹمنٹ کے جھانسے میں آکر قرض لے کر ڈیڑھ لاکھ روپے بھیج دیے بعد میں آن لائن کمپنی والوں کا فون مسلسل بند جانے کی صورت میں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا ہوگیا۔

ادھار لی گئی رقم واپس نہ کرسکنے کی وجہ سے نوجوان گزشتہ رات گھر سے غائب ہوگیا، جس کے بعد اس کی لاش کنویں سے ملی۔ نوجوان پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور سلائی کا کام کرتا تھا۔

نوجوان کے چچا نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھتیجے نے کچھ روز قبل کسی سے قرضہ لے کر موبائل کے ذریعے آن لائن انویسٹمنٹ کمپنی والوں کو پیسے بھیج دیے تھے۔

لڑکے کے چچا نے مزید بتایا کہ بھتیجے نے فراڈ کا سارا معاملہ گھر والوں سے پوشیدہ رکھا اور پیسے واپسی دینے کے خوف سے اس نے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش تحویل میں لےکر سول اسپتال منتقل کی جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کردی گئی۔

آج نیوز کے نمائندے کی جانب سے ایس ایچ او سٹی عطا لغاری سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ بظاہر خودکشی کا معاملہ لگتا ہے مزید تفتیش کررہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق موبائل کے ذریعے نوجوان سے رابطے میں رہنے والوں کی سی ڈی آر نکلوا کر تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

آخری اطلاعات آنے تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔

Suicide

Online Scam

Umer kot