Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

سوات میں بدامنی اورمنشیات فروشوں کےخلاف احتجاج، پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے

پولیس کی مبینہ فائرنگ پرعوام نے تھانہ فتح پور پر پتھراؤ کردیا
اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2023 07:13pm

فتح پور میں بدامنی اورمنشیات فروشوں کےخلاف احتجاجی مظاہرے دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے، اور پولیس نے فائرنگ کردی، جس پر عوام نے تھانے پر پتھراؤ شروع کردیا۔

سوات کے علاقے فتح پور میں اہل علاقہ کی جانب سے بدامنی اورمنشیات فروشوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے کالام روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پولیس نے عوام کو منشتر کرنے کی کوشش کی، اور مبینہ طور پر مظاہرین پر فائرنگ کردی، جس پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فتح پور تھانے پر پتھراؤ شروع کردیا، مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا۔

مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا
مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا

سوات میں آج نیوز کے نمائندہ انور انجم کے مطابق مظاہرین سڑک پر موجود رہے اور پولیس کی بھی بھاری نفری طلب کرلی گئی، تاہم بعد ازاں قبائلی عمائدین اور پولیس حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے اور مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔

پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی کہ علاقے میں منشیات فروشی اور جرائم کے خلاف کارروائی کیا جائے گی۔ جب کہ علاقہ عمائدین کی کمیٹی بنائی جائے گی جو جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کرے گی۔

Sawat