Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں حکومت سرمایہ کاری کونسل کے منصوبے مکمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالے، آصف زرداری

الیکشن کمیشن آئین کے مطابق انتخابات کرائے گا، اراکین پر پورا اعتماد ہے، پی پی رہنما
اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2023 02:00pm
ساقب صدر آصف زرداری۔ فوٹو — فائل
ساقب صدر آصف زرداری۔ فوٹو — فائل

کراچی: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے بعد الیکشن کمشن نئی حلقہ بندیاں کروانے کا پابند ہے، ہمیں چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران پر پورا اعتماد ہے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے فوری الیکشن کے مطالبے کے محض ایک روز بعد آصف زرداری نے ایک اہم بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے نہ صرف الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کیا بلکہ یہ بھی کہا کہ نگران حکومت سرمایہ کاری کی خصوصی کونسل (اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل) کے منصوبے جلد از جلد مکمل کرا کے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرے۔

آج نیوز کے قاضی آصف کا کہنا ہے کہ محض ایک روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کا مطالبہ کیا تھا، آج وہ عوامی مہم پر نکلے ہیں ایسے میں آصف علی زرداری کا بیان خود بلاول کیلئے مسئلہ ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے۔

واضح رہے کزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن 90 روز میں ہونا چاہئیں، الیکشن کروایا جائے تاکہ ہم منتخب ہو کر عوام کی خدمت کر سکیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی الیکشن کے لئے تیار تھی اور تیار ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے۔

Asif Ali Zardari

PPP

Caretaker government

Election Commission of Pakistan (ECP)

SIFC Apex Committee