Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بین الاقوامی فیسٹیول تھیٹر فیسٹیول، دیکھیں اور ساتھ ہی سیکھیں بھی

آرٹس کونسل کراچی میں پاکستان تھیٹر فیسٹیول2023 کا افتتاح ہوگیا
اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2023 02:33am

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام تھیٹر کے بین الاقوامی میلے “پاکستان تھیٹر فیسٹیول2023 “ کا رنگا رنگ افتتاح کردیا گیا ۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام پاکستان تھیٹرفیسٹیول2023 کا افتتاح جمعہ کے روز کیاگیا، افتتاحی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن، معروف دانشور انور مقصود، نگراں وزیر ثقافت سید جنید علی شاہ، تھیٹر ڈائریکٹرز،عثمان پیر زادہ، نبیل قریشی، حبا بخاری، ٹیپو اور شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات سمیت تھیٹر کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پاکستان تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح معروف ہدایتکار و اداکار سلمان شاہد کے تھیٹر سے کیاگیا، لاہور کے تھیٹر گروپ کی جاندار اداکاری کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا تھیٹر فیسٹیول میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ملکوں کی ثقافت کو جوڑنے میں احمد شاہ بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، یہ مختلف پروگرامز کرتے رہتے ہیں، یہ سب کو جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تقریب میں گورنز سندھ شعر و شاعری کی تو شرکا بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے ۔

انہوں نے کہاکہ انور مقصود صاحب کہہ رہے ہیں کہ ملک میں ڈرامہ چل رہا ہے، اگر مقابلہ کرا دیں تو میں بتا دوں کہ یہ ڈرامہ ہم سیاست دان ہی جیتیں گے، 76برس بعد ہم ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان کیسے چلے گا، بد قسمتی سے جس شہر میں بیٹھے ہیں اسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا جو اب مجرموں کا شہر بنتا جا رہا ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے تھیٹر فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہاں پر بڑی تعداد میں مختلف ممالک سے لوگ موجود ہے، اس طرح کے فیسٹیول لوگوں کو اکٹھا کرنے کے سبب بنتے ہیں۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پاکستان تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے لوگوں نے کہا تم نیرو ہو جو بانسری بجا رہے ہو، حالات خراب سے خراب تر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات ہیں تو کیا ہم جینا چھوڑ دیں، ہم اپنے ملک پر فخر کرتے ہیں، ہم زندہ ہیں ہم مسکرا سکتے ہیں،ہم آگے بڑھیں گے، دنیا میں عظیم قوم کی طرح واپس آئیں گے۔

فنکاروں کا ردعمل

اداکارہ جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ میں نے اور بہروز سبزواری نے آج سے 50سال پہلے تھیٹر سے ہی اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا موجودہ وقت میں یہ تھیٹر ایک اکسیجن کی طرح ہے ۔

اداکار نبیل کا کہنا تھا کہ ایک آرٹسٹ کیلئے تھیٹر بہت ضروری ہےمیں نے خود فیصل آباد کے تھیٹر سے آغاز کیا اور جس نے تھیٹر میں کام کیا ہو اس کیلئے کسی بھی ڈیپارمنٹ میں اداکاری کرنا مشکل نہیں ہوتا ۔

سنیئر اداکار شہزاد رضا کہتے ہیں کہ بحثیت فنکار بہت خوشی ہے کہ اتنا بڑا میلا سجا ہے اس فیسٹیول کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے فیسٹیولز میں معین اختر ، عمر شریف ، لیاقت سولجر اور سکندر صنم سمیت دیگر پرانے ساتھی بہت یاد آتے ہیں ۔

فیسٹیول میں کیا ہے ؟

پاکستان تھیٹر فیسٹیول ایک مہینے پر مشتمل ہے جہاں 30 دن میں 45 شوز پیش کیے جائیں گے جس میں پاکستان بھر سمیت سات بین الاقوامی تھیٹر گروپس حصہ لیں گے جس میں امریکہ، ایران، ترکیہ، جرمنی،سری لنکا وغیرہ شامل ہیں۔

روزانہ کی بنیاد پر مختلف کھیل پیش کیے جائیں گے جب کہ ویک اینڈ پر دو ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔

تھیٹر فیسٹیول میں بین الاقوامی تھیٹر گروپس کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔

9 ستمبر کو امریکی تھیٹر گروپ اپنا ڈرامہ UPLIFT جبکہ 10 ستمبر کو سری لنکا کا ڈانس گروپ رقص Kanya پیش کرے گا۔ مزید شوز کی فہرست یہ ہیں

تھیٹر میں مختلف ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا گیا ہے، جس میں نہ صرف ڈرامہ لکھنے اور پرفارم کرنے کی تربیت دی جائے گی بلکہ امریکہ ، سری لنکا اور ترکیہ سے آیا گروپ تھیٹر کی تربیت دے گا ۔

ٹکٹ کا حصول

پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے شوز کا ٹکٹ عوام کے لیے ایک ہزار روپے ہے۔

ورک شاپس میں حصہ لینے کیلئے ٹکٹس میں طلبہ کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی ۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی جانب سے آرٹس کونسل کے ممبران کے لیے تھیٹر کی ٹکٹس فری کرنے کا اعلان بھی کیاگیا ہے۔

ممبران اپنے ٹکٹ آرٹس کونسل سے صبح 12سے رات 8بجے تک حاصل کرسکتے ہیں۔

Arts council karachi

Pakistan Theatre Festival