کراچی میں دو دن کی بچی کو چھٹی منزل سے پھینکنے والی خاتون کے بارے میں انکشافات
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں نومولود بچی کو عمارت کی چھٹی منزل سے پھینکنے والی خاتون نشے کی عادی ہے۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نومولود بچی کو عمارت کی چھٹی منزل سے پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، سپر مارکیٹ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ خاتون ثنا کو حراست میں لے کر تفتیش کر رہے ہیں، خاتون کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہو رہا، اور زیر حراست خاتون ثنا نشے کی عادی ہے۔
حکام کے مطابق نومولود بچی کی لاش ایک روز پرانی ہے، اور عمارت میں رہنے والے پڑوسیوں نے خاتون کو بچی کی ماں ہونے کی تصدیق کی ہے، اور بتایا ہے کہ بچی کی فلیٹ میں دو دن قبل پیدائش ہوئی تھی۔
خاتون نے بچی کو عمارت کی عقبی گلی میں پھینکا جسے گندی گلی بھی کہتے ہیں اور وہ کچرے کے درمیان گری۔ لوگ جب وہاں پہنچے تو بچی کی لاش کچرے میں برہنہ پڑی تھی۔ ایک کچرا چننے والے شخص نے کچرے کے خالی تھیلے سے لاش کو ڈھانپا۔
حکام نے بتایا کہ خاتون جس طرح کے بیانات دے رہی ہے ، اس سے اس کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہو رہا، نومولود بچی کا ڈی این اے حاصل کر لیا گیا ہے، جب کہ پیر کے روز خاتون کا میڈیکل کرانے کے ساتھ نفسیاتی ڈاکٹر سے بھی معائنہ کرایا جائے گا، جب کہ نامولود بچی کی مبینہ ماں کا میڈیکل پیر کے روز کرایا جائے گا۔
Comments are closed on this story.