Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اردو کی حروف تہجی، بلال مقصود کا بچوں کو شاندار تحفہ

موسیقار پکے دوست نامی پراجیکٹ کو متعارف کردیا
شائع 03 ستمبر 2023 12:18am

معروف موسیقار و گلوکار بلال مقصود کے بچوں کے لیے “پکے دوست “ نامی پراجیکٹ کو متعارف کرودیا۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف موسیقار و گلوکار بلال مقصود کے بچوں کے یوٹیوب چینل “پکے دوست “کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

موسیقار بلال مقصود نے بچوں کیلئے پکے دوست نامی پروگرام کا آغاز کردیا، ان کا کہنا تھا کہ اس کا خواب 25 برس پہلے دیکھا تھا، جب میرا بیٹا میکال پیدا ہوا تب مجھے احساس ہوا کہ ہمارے پاس اردو نظمیں نہیں ہیں یہاں تک کہ اردو کے حروف تہجی کی کوئی دھن بھی نہیں تھی ۔

آج نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے بینڈ اسٹرنگز میں رہتے ہوئے مجھے بچوں کے گانوں پر کام کرنے کا موقع نہیں ملا تاہم سٹرنگز کی آخری پرفارمنس کے دوران میں بیک اسٹیج پر بچوں کے حوالے سے سوچ رہا تھا، اس کے بعد میں نے بچوں کے گانوں پر کام شروع کر دیا تھا کیونکہ بینڈ کے ساتھ جڑے رہنے کے باعث یہ ممکن نہ تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے بچے اردو کے بجائے انگلش زبان کی نظمیں سنتے ہیں لیکن پکے دوست میں میں کٹ پتلی تماشہ، اردو نظمیں اور گانوں سمیت بچوں کے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہوگا ۔

انہوں نے بتایا کہ شروع میں لگا کہ بہت آسان ہے مگر جلد پتا چل گیا کہ بچوں کے گانے بلکل مختلف ہے کیونکہ بچوں کے گانے بنانا ایک سائنس ہے۔

معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود اور عمرانہ مقصود نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ انور مقصود کہتے ہیں کہ پاکستان میں بچوں کے لیے کوئی پروگرام نہیں، پاکستان میں بس بچے ہوتے ہیں ان کے لیے کچھ نہیں ہوتا۔

انور مقصود کا کہنا تھا کہ بچے ابتدا کی تین سال گھر سے تربیت حاصل کرتے ہیں لیکن اب ماں باپ کے پاس بھی وقت نہیں ہے۔

اس موقع پر یوٹیوبر جنید اکرم نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کے ساتھ ظلم کررہے ہیں، ٹی وی سے بچوں کے پروگرام ختم ہوئے تو ہمارے بچے اردو کے بجائے کوکومیلن دیکھنے لگ گئے ۔

تقریب میں معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، عمرانہ مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ،معروف اداکارہ ثروت گیلانی ، اقرا عزیز ،یاسر حسین سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی ۔

بلال مقصود نے پکے دوست چینل میں ایک کردار فاطمہ ثریا بجیا کے نام پر بھی رکھا ہے جو بچوں کی اصلاح کے لیے مختلف خاکے پیش کرتا ہے۔

پکے دوست میں بچوں کی اصلاح کے حوالے سے مختلف گانے ریلیز کیے گئے جن میں بڑے میاں گئے چین، ایک دو تین چار، آنکھیں بند کرلوں، بارش، پیٹ ٹائیٹ، برش کرنا، انگلش سکھا دو، کنڈا چیٹنگ ہے، طفیل کی ہائیٹ سمیت مختلف گانے شامل ہیں جن کو بجو، جگا، میرال، متین، طفیل اور لال بیگ نے بخوبی ادا کیا۔

Bilal maqsood

Pakkay Dost