پاکستان میں آئندہ ماہ میں کتنی چینی کی ضرورت ہے، موجودہ اسٹاک کتنا ہے
ملک میں ہر گزرتے دن کے ساتھ چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لاہور میں چینی کی پرچون قیمت 170 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں، چینی کی قلت کو برآمد سے جوڑنے کا تاثر بھی حقائق کے منافی ہے۔
لاہور میں چینی کی ایکس مل قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ 165 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
شہر میں چینی کی ہول سیل قیمت 168 روپے جبکہ پرچون 170 روپے فی کلو سے زائد ہو گئی۔
ڈیلرز اور مل مالکان کی جانب سے اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کو چینی کی قیمتیں بڑھنے کی کلیدی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے مطابق گزشتہ شوگر سیزن 22-2021 کے اختتام پر پاکستان کے پاس تقریباً 10 لاکھ ٹن چینی کا اضافی ذخیرہ موجود تھا، مگر اس سرپلس کے باوجود حکومت نے صرف 2.5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔
شوگر سیزن 23-2022 کے بعد پاکستان کے پاس 8.15 ملین ٹن کا ذخیرہ تھا جس میں گزشتہ سال کا کیری اوور اسٹاک بھی شامل تھا۔
ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کا کہنا ہے کہ چینی کی ماہانہ کھپت 0.65 ملین ٹن رہی ہے جبکہ نومبر 2022 سے جولائی 2023 کے دوران کھپت 5.85 ملین ٹن رہی، باقی تین ماہ کیلئے پاکستان کو 1.95 ملین ٹن کی ضرورت ہوگی، جبکہ پاکستان میں اسٹاک کی دستیابی 2.3 ملین ٹن ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
اسٹاک مارکیٹ کیوں کریش ہوئی؟ وجوہات سامنے آگئیں
ڈالر ایک ماہ کے دوران تقریباً 19 روپے تک مہنگا
لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی چینی کے ریٹ بڑھتے جارہے ہیں۔ اسلام آباد میں چینی کی ریٹیل قیمت 160 روپے، کراچی میں 175، پشاورمیں 160 سے 180 کے درمیان جبکہ کوئٹہ میں دوکانوں پر چینی 195 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
Comments are closed on this story.