Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیٹے اور شوہرسمیت قتل کی گئی افغان خاتون کے بھائی پاکستان پہنچنے پر گرفتار

ملزمان کیخلاف کراچی کے سرجانی ٹاؤن تھانہ میں بھی دہرے قتل کا مقدمہ درج ہے
شائع 31 اگست 2023 02:42pm

کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر 8 اگست کو میاں بیوی اور 4 سالہ بچے کے قتل کا ممعہ حل ہو گیا۔ قاتل افٖغانستان سے تعلق رکھنے والی مقتولہ کے بھائی نکلے۔

پولیس کے مطابق 24 روز قبل 8اگست کو مشرقی بائی پاس کے علاقے مندوخیل آباد کا رہائشی عبدالخالق ولد جمال شاہ موٹرسائیکل پر بیوی بی بی ملالہ اور4 سالہ بیٹے امیر حمزہ کے ہمراہ اپنے کسی عزیزکے گھرجارہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچہ موقع پرہی جاں بحق ہو ئے جبکہ ملزمان واقعہ کے بعد افغانستان فرار ہوگئے تھے۔

اس تہرے قتل کا مقدمہ کوئٹہ کے عبدالخاق شہید پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔

ایس پی سریاب ڈویڑن کی سربراہی میں ٹیم جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کرتی رہی۔

بدھ کو ایس پی سریاب کو خفیہ اطلاع ملی کہ اس تہرے قتل میں ملوث ملزمان افغانستان سے کوئٹہ پہنچے ہیں اور سبی روڈ پرموجود ہیں

پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان نقیب اللہ عرف پہلوان اور عبداللہ عرف عبدالخاق کوگرفتار کرکے واردات میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل اور ٹی ٹی پستول قبضے میں لے لیا۔

پولیس نے بتایا گرفتار ملزمان مقتولہ خاتون کے سگے بھائی ہیں جو افغانستان کی رہائشی تھی اور6 سال قبل شوہر کے انتقال کے بعد اس کا نکاح چھوٹے دیور سے کروادیا گیا تھا۔ اس دوران مقتولہ اپنی ایک رشتہ دارخاتون کے ہمراہ خدمت کی غرض سے افغانستان سے کوئٹہ آئی اور یہاں اس کی جان پہچان مقتول عبدالخاق سےہو ئی جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔

پولیس کے مطابق علاج مکمل ہونے کے بعد مقتولہ واپس افغانستان چلی گئی اور کچھ عرصہ بعد وہاں سے فرارہو کر عبدالخاق کے پاس آ گئی جہاں دونوں نکاح کے بعد چُھپ کرزندگی بسر کرنے لگے ، اس دوران ان کا ایک بیٹا امیرحمزہ پیدا ہوا جو واقعہ میں ماں باپ کے ساتھ قتل کردیا گیا۔

مقتولہ کے بھائیوں نے بہن کی تلاش جاری رکھی، چار سال بعد اُن کاق گھر معلوم کرنے کے بعدملزمان نے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ 8 اگست کی صبح مشرقی بائی پاس مندوخیل آباد کے قریب موقع پا کر تینوں کو قتل کردیا اور واردات کے بعد افغانستان فرار ہوگئے۔

دوران تفتیش ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے اپنی بہن کو نکاح پرنکاح کرنے اور گھر سے بھاگنے کی بنا پر غیرت کے نام پر قتل کیا کیونکہ یہ بات علاقے میں ان کی بڑی بدنامی کا باعث بن گئی تھی۔

ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بھی اپنے دو رشتہ دار خاتون و مرد کو قتل کرچکے ہیں جس پر ان کے خلاف وہسرجانی ٹاؤن تھانے میں دہرے قتل کا مقدمہ درج ہے۔

کوئٹہ پولیس ملزمان کے فرار ہوجانے والے دیگر دوساتھیوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے جنہوں نے سہولت کاری کی اور موبائل فون پر اس واقعے کی ویڈیو بنائی تھی۔

afghanistan

بلوچستان

Women

Honor Killing