Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی چڑیا گھرمیں مدھوبالا کے معائنے کے بعد فورپاز ٹیم سفاری پارک پہنچ گئی

سفاری پارک میں ہتھنی سونیا اورملکہ کی صحت کامعائنہ کیا جائے گا۔
اپ ڈیٹ 24 اگست 2023 02:56pm
تصویر/ سوشل میڈیا
تصویر/ سوشل میڈیا

فور پازکی ٹیم ڈاکٹرعامرکی سربراہی میں کراچی چڑیا گھرمیں ہتھنی مدھو بالا کا طبی معائنہ کرنے کے بعد سفاری پارک پہنچ گئی۔

مدھوبالا کا معائنہ کرنے والی فورپازٹیم اب ہتھنی سونیا اورملکہ کی صحت کامعائنہ کرے گی۔

اس سے قبل ٹیم نے کراچی چڑیا گھرمیں ہتھنی مدھوبالا کے لیے بنائے گئے انکلوژرکا بھی معائنہ کیا۔

مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کے لیے گھر تیارکیا جا رہا ہے، اسے کنٹینر کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرز معائنہ کرنے کے بعد ہی مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

مدھوبالا کی میڈیکل رپورٹس کے مطابق ہتھنی میں پیراسائٹ انفیکشن کی تشخیص ہوئی تھی، اس کے نمونے انفیکشن کے لیے مثبت پائے گئے تھے لیکن ان کی تعداد کم ہے۔

ڈاکٹرعامرخلیلی کا کہنا ہے کہ میئرکراچی نے کل ملاقات میں ہرقسم کے تعاون کا یقین دلایا ہے، چند ہفتوں سے مدھوبالا کی صحت پر کام کررہے تھے لیکن مدھوبالا کی صحت اب بہتر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مدھوبالا کوسفاری پارک سونیا اورملکہ کے ساتھ رکھا جاسکتا ہے ہم نے کہا تھا جگہ بڑی اور سوئنمگ پول ہونا چاہیے لیکن سفرکیلئے مدھوبالا کی تربیت کرنا ہے، مدھوبالا کے ٹیسٹ بہتر آئے ہیں۔

ڈاکٹرعامرخلیلی نے کہا کہ مجموعی طور پرتینوں ہتھنیوں کی صحت بہتر ہے، سفاری پارک میں کنسٹرکشن اچھی ظرز کی ہوئی ہے، ہتھنیوں کی جگہ 3.5 ایکڑہے ہم سے 5.5 ایکڑزکا وعدہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی یہاں کافی کام ہونا باقی ہےعالمی معیارکی سینکچری بنانے کیلئے 18ایکڑزمین فراہم کی جائے، ستمبر کے آخر تک ہم مدھوبالا کو یہاں لے آئیں گے۔

Karachi Zoo