Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکار گوہر رشید سابق فاسٹ بالر شعیب اختر کا کردار نبھانے کیلئے تیار

قانونی چارہ جوئی کے باوجود فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کا نیا ٹیزر جاری
شائع 22 اگست 2023 09:14pm

قانونی چارہ جوئی کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘کا نیا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

فلم میں شعیب اختر کا کردار اداکار گوہر رشید نے نبھارہے ہیں اس سے قبل اسی کردار کیلئے عمیرجسوال کا انتخاب کیا گیا تھا ۔

تاہم نومبر 2022 میں گلوکار عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ وہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں سابق فاسٹ باؤلر کا کردار ادا نہیں کریں گے۔

عمیر جسوال کی جانب سے فلم سے علیحدگی کے اعلان کے چند ماہ بعد ہی شعیب اختر نے بھی فلم کی ٹیم سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم معاہدے ختم ہونے کے باوجود پروڈکشن ٹیم نے فلم کی تیاری جاری رکھی جس پر گزشتہ ماہ جولائی میں شعیب اختر نے غیر قانونی طور پر بنائی جانے والی فلم کو بنانے اور اسے ریلیز سے روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے حکم امتناع حاصل کرلیا۔

ایک ٹوئٹ میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث فلم کی انتظامیہ سے تعلقات ختم کرنے پڑے اور اب وہ اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا مزید حصہ نہیں ہیں۔

ان سارے معاملے کے باوجود پراڈکشن ٹیم نے 1 منٹ 7 سیکنڈ کے دورانیے پر مبنی فلم کا نیا ٹیزر جاری کردیا ۔

فلم راولپنڈی ایکسپریس کے نئے ٹیزر شعیب اختر کی زندگی میں غربت، جدوجہد اور طبی مسائل سے نمٹنے کے بہت سے شدید سلسلے دکھائے گئے ہیں۔

اس فلم کی ہدایت فراز قیصر نے دی ہیں جبکہ اس کی کہانی قیصر نواز نے لکھی ہے جبکہ فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا گیا کہ فلم کب ریلیز ہوگی ۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں عمیر رانا، عدنان شاہ ٹیپو، فرحان طاہر ، سلیم میراج ، راحیلہ آغا، سلمان شاہد ، شفقت چیمہ ، عثمان پیرزادہ ، عمر عالم اور رحیم پردیسی سمیت دیگر شامل ہیں ۔

Shoaib Akhtar

rawalpindi express