حسان نیازی اورحیدر مجید کی بازیابی کی درخواستیں یکجا کرنے کا حکم
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی اور ان کے دوست حیدر مجید کی بازیابی کی درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی مقامی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے ساتھی حیدر مجید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
حیدر مجید کے والد محمد مجید نے بیٹے کی بازیابی کیلئے درخواست دائر کی ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے حکومت کی طرف سے رپورٹ جمع کرا رکھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حیدر مجید کو مزید تفتیش اور ٹرائل کے لیے ملٹری کورٹ کے حوالے کردیا گیا اور حیدر مجید سے متعلقہ اتھارٹی تفتیش کررہی ہے۔
عدالت نے درخواست کو حسان نیازی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کے ساتھ یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔ اور کیس کی سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی۔
عدالت نے درخواست گزار کو رپورٹ کا جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے رکھی ہے۔
واضح رہے کہ جناح ہاوس حملہ کیس کے نامزد مرکزی ملزم حسان نیازی کو پولیس نے ملٹری ٹرائل کے لئے فوج کے حوالے کردیا ہے۔ اور حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف اور بازیابی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکھی ہے۔
Comments are closed on this story.