Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: جائیداد کے تنازعے پر چچا نے سگے بھتیجے کو قتل کردیا

میرے بیٹے پر بھائی نے خنجر کے پے در پے وار کئے، مقتول کے والد کا بیان
شائع 22 اگست 2023 02:07pm

ہجرت کالونی میں جائیداد کے تنازع پر چچا نے بیٹوں کے ساتھ مل کر بھتیجے کو قتل کردیا، مقتول کے بھائی کی مدعیت میں سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے جنید پر بھائی نے خنجر کے پے در پے وار کئے۔

کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں سگے چچا نے بھتیجے کو جائیداد کے تنازع پر قتل کردیا۔ مقتول کی شناخت جنید کے نام سے ہوئی، جو دوبچوں کا باپ اور موبائل کی دکان چلاتا تھا۔

مقتول کے والد کے بیان کے مطابق واقعہ گزشتہ روز سول لائن ہجرت کالونی میں پیش آیا، جہاں چچا شیر محمد نے بیٹوں کے ساتھ مل کر خنجر کے وار کر کے بھتیجے کو قتل کیا۔

جنید کے والد کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میرے بھائی شیر محمد نے جائیداد کے تنازع پرجھگڑا کیا، اور اس کے تشدد سے میرا بھی سر پھٹ گیا۔

مقتول کے والد نے بتایا کہ بھائی شیر محمد کے ساتھ اس کے بیٹے بھی شامل تھے اور انہوں نے مل کر مجھ سمیت میرے بیٹوں پر حملہ کیا، اور میرے بیٹے جنید خان پر خنجر کے پے در پے وار کئے، جس سے جنید خان زندگی کی بازی ہارگیا۔

مقتول کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں پولیس مدد فراہم نہیں کررہی، چیف جسٹس پاکستان، گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ سے انصاف چاہتے ہیں، ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنید کے قتل کا مقدمہ اس کے بھائی طاہر کی مدعیت میں سول لائن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، اور مقدمے میں قتل، اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

Karachi Police

karachi killing