Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ائر کولر، فروٹ، شہد، پرفیوم اور بہت کچھ: جیل میں عمران خان کیلئے سہولتیں منظرعام پر

ایڈیشنل سیشن جج کی رپورٹ پر محکمہ جیل خانہ جات کا بیان آگیا۔
اپ ڈیٹ 22 اگست 2023 08:38am

ایڈیشنل سیشن جج کی ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے دورے کی رپورٹ پر ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے وضاحت جاری کی ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اٹک جیل میں کس طرح کے حالات کا سامنا ہے اس حوالے سے ایڈیشنل سیشنز جج شفقت اللہ نے رپورٹ جاری کی تھی، جس میں انہوں نے عمران خان کو واش روم سہولیات میں پریشانی کا ذکر کیا تھا۔

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا ہے کہ اٹک جیل میں مقید چیئرمین تحریک انصاف کو پریزنز رولز کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، چیئرمین تحریک انصاف کے کمرے میں بروز ہفتہ نیا واش روم تعمیر کیا گیا، واش روم میں ویسٹرن کموڈ اور بیسن لگائے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ واش روم میں باتھ سوپ، پرفیوم، ائیر فریشنر، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں۔ واش روم کی دیواریں 5 فٹ اونچی اور باتھ روم کو نیا دروازہ لگایا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات نے کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف کے کمرے میں بیڈ، تکیہ، میٹرس، میز، کرسی موجود ہے۔ ائیر کولر ایگزیکٹ فین، فروٹ، شہد، کھجوریں، جائے نماز بھی موجود ہے۔ انگیزی ترجمے کے ساتھ قران مجید اور مطالعہ کیلئے ایک درجن کے قریب کتابیں موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق عمران خان کے سیل میں چائے تھرمس، اخبار اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں۔

اسی بارے میں

عمران خان اور جیل اہلکار کے درمیان مبینہ کوڈ ورڈ گفتگو کا دعویٰ

عمران خان جیل میں دن کیسے گزار رہے ہیں، صحافی نے بڑے دعوے کر دیے

جیل میں عمران خان قیدیوں والے کپڑے پہنیں گے یا نہیں

انہوں نے مزید بتایا کہ منگل کے روز فیملی اور جمعرات کے روز وکلاء سے قانون کے مطابق ملاقات کرائی جاتی ہے۔

ان کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پانچ ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔ آٹھ گھنٹے ڈیوٹی پر ایک ڈاکٹر ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔ ڈاکٹر کی ہدایت پر چئیرمین تحریک انصاف کو سپیشل خوراک دی جاتی ہے، کھانا ڈاکٹر کی چیکنگ کے بعد اسپیشل ٹیم کے ذریعے مہیا کیا جاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق جیل سیکیورٹی کے لئے ان کے کمرے کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

imran khan

District Jail Attock

Facilities in jail