Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11، 11 دن توسیع

عمر سرفراز چیمہ طبعیت کی خرابی کے باعث ویل چیئر پر عدالت پیش ہوئے
اپ ڈیٹ 21 اگست 2023 10:12pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

جناح ہاوس حملے میں گرفتار تحریک انصاف کی سابقہ وزیریاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11، 11 دن کی توسیع کردی گئی۔

مسلم لیگ ن کا آفس جلانے، عسکری ٹاور پر حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر پیش کیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت شروع کی، تو تفتیشی افسر نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پر ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون آفس پر حملے، عسکری ٹاور پر حملے اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے۔

تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ یاسمین راشد کی چار مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں یکم ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب جناح ہاؤس حملہ اور توڑ پھوڑ میں گرفتار سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے عمر سرفراز چیمہ کو طبعیت کی خرابی کے باعث ویل چیئر پر پیش کیا اور جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔

عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 11 دن کی توسیع کر دی اور انہیں بھی یکم ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی درخواست ضمانت پر حتمی دلائل طلب

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی درخواست ضمانت پر وکلاء سے حتمی دلائل طلب کرلیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے 4 جبکہ میاں محمود الرشید نے 2 مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

عدالت نے دونوں ملزمان کے وکلاء سے حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ، عسکری ٹاور، تھانہ شادمان حملہ اور مسلم لیگ نون دفتر حملہ کیس میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماء میاں محمود الرشید نے گاڑیاں جلانے کے 2 مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

Yasmin Rashid

PTI Leaders arrested

UMAR SARFARAZ CHIMA