بھارت نے ہمیشہ تنگ نظری دکھائی، ٹیم بھیجنا ہمارا بڑا پن ہے، جلیل عباس
نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نےکہا ہے کہ بھارت کی تنگ نظری کے باوجود کرکٹ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ ہمارا بڑا پن ہے۔
اسلام میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ علاقائی امن کے لئے کوشاں ہیں، پاکستان کی تمام ممالک سے بہتر تعلقات کی پالیسی ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین اور امریکا سب اہم ہیں، تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں، یوکرین کے مسئلے کا حل جنگ نہیں۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی عدم مداخلت کی ہے، جن ممالک سے تعلقات کچھ سرد مہری کا شکار ہیں ان کو بہتر کریں گے۔
بھارت پاکستانی کھلاڑیوں کو ہراسانی سے بچائے
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے، ایسا ماحول ہو جس میں تماشائی پاکستانی کھلاڑیوں کو ہراساں نہ کرسکیں۔
دفترخارجہ کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی پر بھارتی بیانات کا جواب نہیں دوں گی۔
Comments are closed on this story.