Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل انتقال کرگئے

تدفین نماز جمعہ کے بعد ڈیفنس کراچی کے قبرستان میں ہوگی
اپ ڈیٹ 17 اگست 2023 10:33pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع کے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

کنور نوید 28 جون 2022 کو برین ہیمرج کے شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد سے کوما کی حالت میں کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

کئی ماہ تک نجی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں 2023 میں کچھ عرصہ کیلئے گھر منتقل کیا گیا تھا۔ لیکن اگست میں ان کی طبیعیت دوبارہ ناساز ہوئی اور انہیں دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

کنور نوید جمیل ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنونیئر تھے، پی ایس127 سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے رہنما ایم کیو ایم حیدرآباد کے میئر بھی رہ چکے ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کنور نوید جمیل کے انتقال پر ایم کیوایم کے کنوینئر، رابطہ کمیٹی ارکان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق کنور نوید جمیل کی نماز جنازہ کل کراچی میں بعد نماز جمعہ مصطفیٰ مسجد، ڈی ایچ اے فیز ون میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین ڈی ایچ اے فیز ایٹ کے قبرستان میں کی جائے گی۔

کنورنوید جمیل طویل کا شمار ایم کیوایم کے بانی ارکان میں ہوتا ہے، وہ تحریک کا نادر اثاثہ اور سینئر رہنما تھے، ایم کیو ایم اور ملک کے لئے کنور نوید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ایم کیوایم کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینئرمصطفیٰ کمال اور رابطہ کمیٹی اراکین نے ان کی موت کو پارٹی کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری، میئرکراچی مرتضٰی وہاب اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماوں نے کنورنوید جمیل کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔

کنورنوید جمیل پندرہ مارچ 1964 کو پیدا ہوئے، جناح لاء کالج حیدرآباد سے ایل ایل بی اور گورنمنٹ ڈگری کالج سے بی ایس سی کیا۔

وہ 2005 میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے ناظم منتخب ہوئے، 1990 اور 2013 میں رکن قومی اسمبلی، 2002 اور 2018 میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔

MQM Pakistan

Kunwar Naveed Jamil