Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہ محمود ،اسد عمر، فواد چوہدری اور عمران خان کی بہنوں کی ضمانت میں توسیع

عدالت نے پولیس کو نوٹسز جاری کردیئے
شائع 17 اگست 2023 11:24am

9 مئی واقعات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 2 ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے پولیس کی گاڑیاں جلانے سے متعلق کیس میں عبوری ضمانت کی درخواستیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کیں، جج اعجاز احمد بٹر نے درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے پولیس کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے شاہ محمود اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔

شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایک اور عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گلبرگ پولیس نے 11 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کا الزام لگایا ہے، مقدمے میں لگایا گیا الزام بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔ جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، شامل تفتیش ہونے کیلئے عبوری ضمانت دی جائے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سابق وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

شاہ محمود قریشی اور اسد عمر عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

فواد چوہدری کے وکیل نے اُن کی ایک سماعت کیلئے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی اور بتایا کے وہ بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے۔

عدالت نے تینوں سابق وزرا کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ عدالت نے فواد چودھری کی ایک سماعت کیلئے پیشی سے استثنی کی درخواست بھی منظور کرلی۔ عدالت کے روبرو علیمہ خان اور عظمیٰ خان پیش ہوئیں، عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں بھی دو ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے طلب کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور پر حملوں سمیت نو مئی کے واقعات پر درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

pti

PTI Leaders arrested