Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پولیس نے حسان نیازی کا کیس خصوصی عدالت میں بھجوا دیا

لاہور ہائی کورٹ کا حسان نیازی کو کل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم
اپ ڈیٹ 17 اگست 2023 07:02pm

چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی جو سانحہ نو مئی مقدمات میں نامزد ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے حسان نیازی کا کیس خصوصی عدالت میں بھجوا دیا۔ دوسری طرف لاہور ہائی کورٹ نے حسان نیازی کو کل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حسان نیازی کے کیس کا ٹرائل خصوصی عدالت میں ہوگا، کیس سے متعلق تمام ثبوت، شواہد بھی خصوصی عدالت میں بھجوا دیےگئے ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس مقدمے میں نامزد ہیں۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے حسان نیازی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف اور بازیابی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے حسان نیازی کے والد کی درخواست پر سماعت کی، حفیظ اللہ نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ بیٹے کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

مزید پڑھیں: حسان نیازی کو ایبٹ آباد پولیس نے کوئٹہ پولیس کے حوالے کردیا

تحریک انصاف رہنما حسان نیازی ایبٹ آباد سے گرفتار، حکام کا تصدیق سے گریز

عدالت نے حکم دیا کہ حسان نیازی پولیس کی تحویل میں ہیں تو پیش کریں۔ عدالت نے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او و دیگر سے 18اگست کو جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو دو روز قبل ایبٹ اباد سے گرفتار کیا گیا تھا، اور ایبٹ آباد پولیس نے حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

دوسری جانب لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حسان نیازی جناح ہاؤس مقدمے میں لاہور پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کو لاہورلانے کیلئے کوئٹہ کے محکمہ داخلہ کو چٹھی ارسال کردی گئی ہے، قانونی پراسیس کے بعد حسان نیازی کو لاہور پولیس کوئٹہ لینے جائے گی۔

pti

Hassan Niazi

PTI Leaders arrested