Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: وائٹ کرولا گینگ سرگرم، بیرون ملک سے آنے والے جوڑے کو لوٹ لیا گیا

اس گروہ کے اہلکار پولیس وردیوں میں ملبوس ہوتے ہیں
شائع 17 اگست 2023 09:43am
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

کراچی میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے والا وائٹ کرولا گینگ سرگرم ہوگیا، اس گروہ کے اہلکار ولیس وردیوں میں ملبوس ہو کر کارروائی کرتے ہیں۔

حالیہ واقعہ لیاقت آباد 3 نمبر میں پیش آیا جہاں عمرہ کرکے واپس آنے والے میاں بیوی کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا۔

پولیس کی وردی میں ملبوس تین ملزمان میاں بیوی سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ سپرمارکیٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔

متاثرہ شہری اور ان کی اہلیہ جدہ سے کراچی پہنچے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی ائرپورٹ سے گھر کے نیچے پہنچے، ہمارے برابر میں ایک وائٹ کرولا آکر رکی جس میں پولیس کی وردی میں ملبوس تین افراد سوار تھے۔

لوٹ مار کا نشانہ بننے والی شہری نے مزید بتایا کہ ملزمان کے پاس اسلحہ بھی تھا۔ انہوں نے ہمارے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ چیک کیے، تلاشی کے بہانے اہلیہ کے ہاتھ سے پرس چھینا اور فرار ہوگئے۔

ملزمان 2200 سعودی ریال،5 آسٹریلین ڈالر،10 درہم اور 5 ہزار پاکستانی روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ ملزمان نے ائیپورٹ سے میاں بیوی کا پیچھا کیا اور گھر تک پہنچے، واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

karachi

Snatching

white corolla gang